انڈیا کے سٹار بیٹر وراٹ کوہلی نے ون ڈے کیریئر میں اپنی 50 ویں سینچری مکمل کر لی ہے جس کے ساتھ ہی سابق انڈین بیٹر سچن تندولکر کا ون ڈے کرکٹ کی دنیا میں سب سے زیادہ سینچریاں بنانے کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔
وراٹ کوہلی نے بدھ کو ممبئی کے وانکھیڈے سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لیںڈ کے خلاف اپنی 50 ویں سینچری سکور کی۔یہ وراٹ کوہلی کی اس ورلڈ کپ میں تیسری سینچری تھی جبکہ مجموعی طور پر انہوں نے تینوں فارمیٹس میں 80 سینچریاں بنا لی ہیں۔کنگ کوہلی کے نام سے جانے والے نئے عہد کے اس عظیم بیٹر نے یہ سنگ میل نیوزی لینڈ کے خلاف ایک چھکے اور 8 چوکوں کی مدد سے 106 گیندوں پر عبور کیا۔وراٹ کوہلی نے اس سے قبل جنوبی افریقہ کے خلاف اپنے ون ڈے کیریئر کی 49 ویں سینچری بنا کر سچن تندولکر کا ریکارڈ برابر کیا تھا۔