شوبز انڈسٹری کی معروف ماڈل و اداکارہ کرن اشفاق کا کہنا ہے کہ ہمارے معاشرے میں طلاق صرف لڑکی کی ہوتی ہے، لڑکے سے کوئی سوال نہیں کرتا کہ اس نے طلاق کیوں دی ہے۔
کرن اشفاق نے ایک حالیہ انٹرویو میںبات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سابق شوہر کی جانب سے 5 سالہ شادی کے دوران کسی عوامی تقریب میں شرکت کرنے کی اجازت نہیں تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک عورت جس کا شوہر سپورٹ کرتا ہے وہ دنیا سے لڑسکتی ہے کیونکہ اسے کسی چیز کی پرواہ نہیں ہوتی اسے پتہ ہوتا ہے کہ اس کا شوہر اس کے ساتھ ہے لیکن میرے معاملے میں ایسا نہیں تھا شوہر کی سپورٹ کم تھی۔
کرن اشفاق نے کہا کہ شائد میں عمران اشرف کو بہت پہلے چھوڑ دیتی لیکن میری امی نے کہا تھا کہ کچھ بھی ہوجائے برداشت کرو، طلاق کا نہیں سوچنا، گھر بسانا ہے دو بہنیں اور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب میری طلاق ہوئی تو مجھ میں ہمت نہیں تھی کہ کسی کا سامنا کرسکوں، میں اپنے بہن بھائیوں سے بات نہیں کرسکتی تھی۔ اس ملک میں طلاق صرف لڑکی کی ہوتی ہے، لڑکے سے کوئی سوال نہیں کرتا، ابھی بھی سب مجھ سے ہی سوال کرتے ہیں کہ کیوں چھوڑا کوئی سامنے والے سے سوال نہیں کرتا کہ آپ نے کیوں چھوڑا؟
انہوں نے روتے ہوئے بتایا کہ جب لڑکی کی طلاق ہوتی ہے تو صرف اس لڑکی کی طلاق نہیں ہوتی بلکہ اس کے بہن بھائیوں اور والدین کی بھی طلاق ہوتی ہے۔ میرے پورے خاندان کو اذیت اٹھانی پڑی، لوگوں کے سوالوں کے جواب دینے پڑے لیکن طلاق دینے والے سے کسی نہیں ایک سوال تک نہیں کیا جو ہمارے معاشرے کا المیہ ہے۔