یرغمال بنائے گئے اسرائیلی شہریوں کی رہائی کے لئے مذاکرات کر ر ہے ہیں، اسرائیلی وزیر اعظم

image

تل ابیب۔29دسمبر (اے پی پی):اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیلی حکومت غزہ میں یرغمال بنائے گئے اسرائیلی شہریوں کی رہائی کے لئے مذاکرات کر رہی ہے۔

اسرائیلی اخبار دی یروشلم پوسٹ کے مطابق یرغمالیوں کے لواحقین سے بات چیت میں اسرائیلی وزیر اعظم نے کہا کہ اسرائیل تمام مغویوں کی واپسی کے لیے کام کر رہا ہے، انھوں نے مزید کہا کہ قطر اور مصر نے معاملے کو آگے بڑھانے کے لیے دو الگ الگ تجاویز پیش کی ہیں اور ہم اس وقت رابطے کر رہے ہیں۔ انہوں نے یرغمالیوں کے اہل خانہ سے کہا کہ میں (مذاکرات کی) صورتحال کی تفصیل نہیں بتا سکتا۔ ہم ان سب یرغمالیوں کی واپسی کے لیے کام کر رہے ہیں جو ہمارا مقصد ہے۔

روسی خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق اسرائیلی وزیر اعظم کی یرغمالیوں کے اہل خانہ سے اس گفتگو کے بعد اسرائیل کی جنگی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں قطر اور مصر کی طرف سے فریقین میں ثالثی کی تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تقریبا ایک ہفتہ قبل سعودی عرب کے الشرق نیوز ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ مصر نے غزہ کے تنازعے کے حل کے لیے تین مرحلوں پر مشتمل پلان پیش کیاہے، جس میں توسیع کے امکان کے ساتھ دو ہفتوں کے لیے انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کا آغاز شامل ہے۔ اس پلان کے پہلے مرحلے میں یرغمالیوں اور قیدیوں کا تبادلہ، اسرائیل کی طرف سے جنگ کا خاتمہ، ٹینکوں کا انخلا اور غزہ کو انسانی امداد کی اضافی فراہمی شامل ہیں ۔

دوسرے مرحلے میں فلسطین میں ٹیکنو کریٹک حکومت کی تشکیل کے لیے فلسطینی قومی مذاکرات کا آغاز شامل ہے۔ تیسرے مرحلے میں غزہ میں ایک جامع جنگ بندی، اسرائیلی فوجیوں کا انخلا، اور گرفتاراسرائیلی فوجیوں کی رہائی شامل ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.