واشنگٹن ۔11جنوری (اے پی پی):پاکستانی نژاد امریکی خاتون فوزیہ جنجوعہ امریکی ریاست نیو جرسی کے ٹاؤن ماؤنٹ لارل سے میئر منتخب ہو گئیں۔
انہوں نے ہاتھ میں قرآن کریم اُٹھائے نیو جرسی کے قصبے ماؤنٹ لارل کے ٹاؤن شپ ہال میں اپنے شوہر اور چار بیٹوں کے ہمراہ تقریب حلف برداری میں شرکت کی۔اردو نیوز کے مطابق نیوجرسی سٹیٹ کی خاتون رُکنِ اسمبلی و امیدوار برائے کانگریس کیرول مرفی نے فوزیہ جنجوعہ سےعہدے کا حلف لیا۔اس موقع پر فوزیہ جنجوعہ نے کہا کہ انہیں تاریخ کی پہلی پاکستانی اور مسلمان خاتون کے طور پر میئر منتخب ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے اور یہ ان سمیت تمام پاکستانیوں کے لیے فخر کی بات ہے۔انہوں نے بتایا کہ ان کے والد کا تعلق چکوال اور والدہ لاہور سے ہیں اور ان کی پیدائش امریکا میں ہی ہوئی ہے۔