جدہ، 11 جنوری(اے پی پی):جدہ میں منعقدہ حج و عمرہ کانفرنس کے مقررین نے مضبوط میڈیا شراکت داری کے ذریعے مناسک حج کی موثر طورپر تشہیر بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ مقررین نے اس ضمن میں حج و عمرہ کانفرنس ا ور نمائش 2024 کے آخری دن جمعرات کو منعقد ہونے والے “حج میں میڈیا کا کردار: مقامی اور عالمی سیاق و سباق سے تناظر” کے عنوان سے منعقدہ سیشن میں ملٹی میڈیا کوریج کو بڑھانے پر زور دیا ہے
۔سعودی سٹریٹیجک پارٹنرشپس اینڈ کمیونیکیشن کے نائب صدر حمام جرید کی زیر نگرانی ہونے والے سیشن سے سعودی جنرل کمیشن فار آڈیو ویژیول میڈیا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر عبداللطیف آل عبداللطیف نے خطاب کیا۔ اس سیشن میں پاکستان کے وزیر برائے مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی انیق احمد ،سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان کرنل طلال الشہوب،انڈونیشیا کی خبر رساں ایجنسی انتارا کے صدر ڈائریکٹر احمد منی اور پاکستان کے خبر رساں ادارہ (اے پی پی ) کے ڈائریکٹر نیوز شاہد سلیم خان بھی موجود تھے۔کانفرنس کے اس سیشن میں مختلف وزارتوں اور محکموں کے اعلیٰ سعودی حکومتی عہدیداروں کے علاوہ میڈیا کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ تمام مقررین اس خیال پر متفق تھے کہ سعودی عرب اور دیگر ممالک کے میڈیا اداروں کے درمیان شراکت داری کے ذریعے اور ابلاغ عامہ کے تمام جدید آلات کو استعمال کرتے ہوئے دنیا بھر میں مناسک حج کی موثر انداز میں تشہیر کے لیے میڈیا کی مضبوط حکمت عملی اپنانے کی ضرورت ہے۔اے پی پی کے ڈائریکٹر نیوز شاہد سلیم خان نے سیشن میں اظہار خیال کرتے ہوئے میڈیا اداروں کے درمیان شراکت داری کے امکانات اور اس کی اہمیت پر روشنی ڈالی تاکہ دنیا بھر بالخصوص مسلم دنیا میں مناسک حج کی ملٹی میڈیا نشریات کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حج اور عمرہ کے طریقہ کار کی نشرواشاعت پر مرکوز نئی حکمت عملیوں کا مقصد دنیا بالخصوص غیر مسلموں کے سامنے اسلام کی مثبت ساکھ اور حقیقی تصویر کو اجاگر کرنا، فروغ دینا اور پیش کرنا ہونا چاہیے تاکہ مذہب سے متعلق ان کی غلط فہمیوں کو دور کیا جا سکے۔ شاہد سلیم نے مزید کہا کہ سعودی پریس ایجنسی(ایس پی اے ) مناسک حج کی نمایاں کوریج کے لیے دنیا بھر میں میڈیا کے مختلف اداروں کے ساتھ پہلے ہی کام کر رہی ہے اور اس تعاون کو مزید مضبوط بنایاجا سکتا ہے۔اے پی پی اور اس کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کھچی کی طرف سے بات کرتے ہوئےانہوں نے شرکا کو بتایا کہ اے پی پی اور ایس پی اے جو پہلے ہی 2005 سے خبروں کے تبادلے کا معاہدہ کر چکے ہیں، ایک دوسرے کے ذریعے شیئر کی جانے والی خبروں کو پھیلانے کے لیے فعال طور پر مل کر کام کر رہے ہیں، جن میں حج سے متعلق ان کے متعلقہ میڈیا پلیٹ فارمز خبریں بھی شامل ہیں۔۔ انہوں نے مزید کہا کہ اے پی پی جس نے دنیا بھر کے تقریباً50 میڈیا اداروں کے ساتھ خبروں کے تبادلے کے معاہدے کیے ہیں، کو سرکاری سعودی نیوز ایجنسی کے ساتھ تعاون اور شراکت میں گزشتہ سال حج کے طریقوں کی ملٹی میڈیا کوریج کا اعزاز حاصل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس مقصد کے لیے اے پی پی اسلام آباد کی ایک مضبوط میڈیا ٹیم نے حج سیزن 2023 کے دوران مقدس شہروں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کا سفر کیا اور حج کی موثر ملٹی میڈیا کوریج کو یقینی بنایا۔شاہد سلیم خان نے حاضرین کو بتایا کہ اے پی پی-ایس پی اے کے مابین تعاون اور اے پی پی میڈیا ٹیم کی محنت کی وجہ سے ایجنسی کی جانب سے 450 سے زیادہ ملٹی میڈیا نیوز رپورٹس جاری کی گئیں اور اس کے مختلف پلیٹ فارمز سے بشمول ٹیکسٹ سروس، ویڈیو نیوز سروس، سوشل میڈیا پوسٹس ٹویٹر، فیس بک اور ویب سائٹ: “app.com.pk” پرمتنوع زبانوں میں شائع کی گئیں ۔انہوں نے یقین دلایا کہ اے پی پی مستقبل میں بھی زیادہ توانائی، ولولے، لگن اور جذبے کے ساتھ مناسک حج کی موثر میڈیا کوریج اور نشر و اشاعت میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔اس موقع پر اے پی پی کے ڈائریکٹر نیوز نے ایک آن لائن سکرین پریزنٹیشن بھی پیش کی جس میں پاکستان کی قومی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے حج سیزن 2023 کی موثر کوریج کی عکاسی کی گئی۔انڈونیشیا کی خبر رساں ایجنسی انتاراکے صدر ڈائریکٹر احمد منیر نے بھی اپنی پریزنٹیشن/تقریر میں سعودی عرب اور دیگر ممالک کی میڈیا تنظیموں کے درمیان تعاون کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔انہوں نے حاضرین کو بتایا کہ انتارا مناسک حج کی موثر کوریج بھی دے رہا ہے، یہ حقیقت مملکت میں اس کے پانچ نامہ نگاروں کی پوسٹنگ/موجودگی سے بھی ظاہر ہوتی ہے۔انہوں نے مناسک حج کی موثر نشر و اشاعت میں انتارا کے مسلسل تعاون اور حمایت کا بھی یقین دلایا۔سعودی جنرل کمیشن فار آڈیو ویژول میڈیا کے سی ای او عبداللطیف آل عبداللطیف اور سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان کرنل طلال الشہوب نے شرکا کو ان کی متعلقہ وزارتوں/محکموں کی جانب سے آڈیو ویژیول سہولت اور سکیورٹی کے شعبوں میں اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بتایا۔بعد ازاں اے پی پی کے ڈائریکٹر نیوز نے ایس پی اے کے صدر ڈاکٹر فہد الگران کے ساتھ ملاقات کے موقع سے بھی فائدہ اٹھایا اور دونوں خبر رساں اداروں کے درمیان نہ صرف حج کوریج بلکہ خبروں کے تعاون کے دیگر شعبوں میں بڑھتے ہوئے اور مضبوط تعاون کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈاکٹر فہد نے حج سیزن 2023 کی موثر میڈیا کوریج پر اے پی پی کو سراہا۔اور حج سیزن 2024 کے لیے اے پی پی کے مزید عملے کو شامل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے اے پی پی کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کھچی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔