ریاض ۔12جنوری (اے پی پی):سعودی عرب اور کینیڈا نے تجارتی وفود کے تبادلے کو پانچ سال تک معطل رکھنے کے بعد دوبارہ تبادلے پر اتفاق کیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق فیڈریشن آف سعودی چیمبرز آف کامرس نے کہا کہ اس نے کینیڈین فریق کے ساتھ ایک مشترکہ سعودی-کینیڈین بزنس کونسل بنانے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔سعودی چیمبرز آف کامرس کے صدر حسن الحوازی نے کہا کہ مشترکہ کونسل کا قیام ایک مثبت قدم ہے اور اس سے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور کاروباری تعلقات کو بلند کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے سعودی عرب میں کینیڈا کے سفیر جین فلپ لینٹو سے بھی ملاقات کی اور دونوں فریقوں کے درمیان اقتصادی تعلقات کو بہتر بنانے اور تجارت اور سرمایہ کاری کے حجم کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ بزنس کونسل دونوں ممالک کے تاجروں کو اپنی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور شراکت داری میں مشغول ہونے کے لیے ایک پلیٹ فارم فراہم کرے گی ۔سعودی عرب 2021 میں خطے میں کینیڈا کے لیے سب سے بڑی برآمدی منڈی تھا۔ اس وقت کینیڈا کی برآمدات 1.65 بلین ڈالر تھیں۔ واضح رہے کہ یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب دونوں ممالک نے گزشتہ سال مکمل سفارتی تعلقات بحال کیے تھے۔