نماز کی ادائیگی کے لیے تعاون کرنے پر ریحان احمد بین سٹوکس کے ممنون

image

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر ریحان احمد انڈیا کے دورے کے دوران نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے تعاون کرنے پر کپتان بین سٹوکس کے ممنون دکھائی دیے ہیں۔

ویب سائٹ ’کرکٹ پاکستان‘ کے مطابق ریحان احمد نے بی بی سی سپورٹ سے بات کرتے ہوئے اس بات کا انکشاف کیا کہ بین سٹوکس نے ساتھی کرکٹر شعیب بشیر اور اُن کے ساتھ نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے بھرپور تعاون کیا ہے۔

ریحان احمد نے اپنے بیان میں کہا کہ ’مجھے یاد ہے کہ ابوظبی میں جمعے کے دن ٹیم کی ٹریننگ تھی۔ اُس دن میں نے اور شعیب بشیر نے نماز پڑھنی تھی۔ میں نے اپنے ٹیم مینیجر وین بینٹلے کو میسج کیا کہ کیا ہم نماز کی وجہ سے آج ٹریننگ چھوڑ سکتے ہیں؟‘

نوجوان سپنر نے مزید کہا کہ ’سٹوکس نے مجھے فوری طور پر میسج کیا کہ اگر ایسی کسی بھی بات کی ضرورت ہو تو ہمیشہ میرے پاس آیا کرو۔ میں اس بات کو پوری طرح سمجھتا ہوں اور وہ اپنی اس بات پر قائم رہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’میں جب بھی عبادت کرتا ہوں، وہ (سٹوکس) مجھے بہت عزت دیتے ہیں۔ اس دورے پر سب لوگ ایک دوسرے کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔‘

اس کے علاوہ ریحان احمد نے بین سٹوکس اور انگلش ٹیسٹ ٹیم کے کپتان برینڈن مکلم کی جانب سے ٹیم میں دلیرانہ ماحول کو پیدا کرنے پر بھی بات کی۔

وہ کہتے ہیں کہ ’بین سٹوکس اور برینڈن مکلم کو ناکامی کی کوئی فکر نہیں ہے۔ وہ ہمیشہ اس بات پر توجہ دیتے ہیں کہ ناکامی سے اچھی چیزیں کیسے ڈھونڈنی ہیں۔‘

انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ ’اگر میں چار گیندیں غلط کروں اور پانچویں گیند پر وکٹ حاصل کروں تو وہ لگاتار 16 اچھی گیندیں کروانے سے بہتر ہیں۔‘

خیال رہے انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا تیسرا میچ 15 فروری سے راجکوٹ میں کھیلا جائے گا۔

اس سے قبل وشاکاپٹنم میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں انڈیا نے انگلینڈ کو 106 رنز سے شکست دے دی تھی جس کے بعد سیریز 1-1 سے برابر ہے۔


News Source   News Source Text

کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts