سعودی عرب،وزیر اسلامی امور کا مسجد تنعیم اور مسجد نمرہ کا دورہ، رمضان المبارک کی تیاریوں کا جائزہ لیا

image

مکہ مکرمہ ۔29فروری (اے پی پی):سعودی عرب کے وزیر برائے اسلامی امور شیخ ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے رمضان المبارک کے حوالے سے عرفات میں مسجد نمرہ اور مسجد تنعیم کا دورہ کیا اور وہاں ہونے والے کاموں کا جائزہ لیا۔ ایس پی اےکے مطابق میدان عرفات میں مسجد نمرہ کا عقبی صحن بھی عازمین حج کے لیے تیار کرلیا گیا ہے۔

اس موقع پر وزیر اسلامی امور نے وہاں کام کرنے والی انجینئر ز کی ٹیم سے بھی ملاقات کی اور کام کے معیار اور احساس ذمہ داری کی اہمیت پر زور دیا۔ترقیاتی امور کے حوالے سے وزیر اسلامی امور کو بتایا گیا کہ عازمین کو گرمی سے محفوظ رکھنے کے لیے پراجیکٹ مسٹ ایئر کولنگ ٹیکنالوجی کے تحت کام کرتا ہے جو بیرونی ہوا سے تھرمل توانائی جذب کرکے اندرونی درجہ حرارت کو کم کرتا ہے،مذکورہ پراجیکٹ 60 پنکھوں پر مشتمل ہے جنہیں 29 کنکریٹ پلرز پر تقسیم کیا گیا ہے۔

پراجیکٹ 12 ہزار مربع میٹر رقبے پر محیط ہے اس طرح درجہ حرارت کو 9 سینٹی گریڈ تک کم کرنا ممکن ہوسکتا ہے ۔دوسری جانب وزیر اسلامی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے مسجد تنعیم کا بھی دورہ کیا، یہ مسجد عائشہ کے نام سے معروف ہے۔وزیر اسلامی امور کو وہاں نافذ کیے جانے والے نئے منصوبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ڈاکٹر عبداللطیف کو بتایا گیا کہ یہاں آنے والے زائرین کو گرمی سے بچانے کے لیے مسجد میں کولنگ کے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں، اس منصوبے پر ایک ارب 58 کروڑ 83 لاکھ ریال سے زائد لاگت آئی ہے ۔ترقیاتی منصوبے میں اندرون و بیرون مملکت سے آنے والے عمرہ زائرین کے لیے تیار کیے گئے کار پارکنگ اور دیگر مقامات علاوہ مسجد میں داخلے اور اطراف میں 51 کیمرے نصب کیے گئے ہیں جن کے ذریعے نگرانی کا کام انجام دیا جاسکے گا۔

وزیر اسلامی امور کو بتایا گیا کہ مسجد میں عمرہ زائرین کے لیے رہنما کتابچے مختلف زبانوں میں فراہم گئے ہیں۔ انہوں نے وہاں موجود اہلکاروں اورعمرہ زائرین سے بھی ملاقات کی اور ان کا احوال دریافت کیا۔مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے عمرہ زائرین نے مسجد میں کیے جانے والے اعلیٰ انتظامات پروزیر اسلامی امور کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔آل الشیخ نے خواتین اہلکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپ کا فرض ہے کہ عمرہ زائرین کو بہتر خدمات فراہم کریں تاکہ جب وہ یہاں سے رخصت ہوں تو خوشگوار یادیں ساتھ لے کر جائیں۔آخر میں وزیر اسلامی امور نے مسجد کے بعض منصوبوں کا افتتاح بھی کیا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.