مشرق وسطیٰ میں پھیلتی جنگ اور تیل کی بلند قیمتوں کے باعث پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اس ہفتے شدید مندی رہی۔ مارکیٹ میں چار روز مسلسل گراوٹ کے بعد ایک روز زبردست ریکوری دیکھی گئی۔
ہفتے کے دوران سرمایہ کاروں کے 613 ارب 55 کروڑ روپے ڈوب گئے، جبکہ ہنڈریڈ انڈیکس 4 ہزار 817 پوائنٹس کم ہوکر 170,512 پوائنٹس پر بند ہوا، جو ہفتہ وار بنیاد پر 2.75 فیصد کمی ہے۔
ہنڈریڈ انڈیکس کی ہفتہ وار بلند ترین سطح 175,354 اور کم ترین سطح 166,141 پوائنٹس رہی۔ جمعہ کو آبنائے ہرمز سے متعلق ایران اور خلیجی ممالک کے درمیان عارضی معاہدے کی خبر کے بعد مارکیٹ میں ریکوری دیکھی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ہفتے کے دوران مارکیٹ کا یومیہ تجارتی حجم 16.6 فیصد کم ہوکر 63 کروڑ 91 لاکھ شیئرز جبکہ یومیہ تجارتی مالیت 18.7 فیصد کمی کے بعد 9 کروڑ 73 لاکھ ڈالر رہ گئی۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن بھی 614 ارب روپے کم ہوکر 19 ہزار 16 ارب روپے پر آگئی