پیٹرولیم قیمتوں میں اضافہ، گڈز ٹرانسپورٹ کے کرائے مزید 5 فیصد بڑھانے کا اعلان

image

آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں مزید 5 فیصد اضافے کا اعلان کردیا۔

صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ گزشتہ 4 روز میں ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 20 روپے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 24 روپے اضافہ ہوا ہے۔ اس سے قبل 20 اگست سے 7 ستمبر تک بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لیٹر 23 روپے اضافہ کیا گیا تھا، جس پر ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کیا تھا۔

ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کا فیصلہ ناقابل قبول ہے، اسے فوری واپس لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ 8 سے 17 اگست تک جاری رہنے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران وزیر پیٹرولیم نے قیمتوں میں روزانہ تبدیلی نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، جبکہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانیوں پر ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال 40 دن کے لیے مؤخر کی تھی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے معاہدوں پر عملدرآمد نہ کیا تو ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز دوبارہ ملک گیر ہڑتال پر جائیں گے۔ ان کے مطابق حکومت کی جانب سے مانگا گیا 40 روز کا وقت اگلے ہفتے ختم ہورہا ہے، لہٰذا دسمبر اور اگست کی ہڑتالوں کے دوران کیے گئے وعدوں پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US