وفاقی حکومت چاروں صوبوں بشمول خیبر پختونخوا کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے اور روابط مضبوط بنانے پر یقین رکھتی ہے ، وزیراعظم شہباز شریف کی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈا پور سے ملاقات میں گفتگو

image

اسلام آباد۔13مارچ (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت چاروں صوبوں بشمول خیبر پختونخوا کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے اور روابط مضبوط بنانے پر یقین رکھتی ہے ، چاروں صوبے مل کر چلیں گے تو ملک ترقی کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈا پور سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے بدھ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے وزیراعظم ہاؤس آمد پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ چاروں صوبے وفاق کی اکائیاں ہیں ، چاروں صوبے مل کر چلیں گے تو ملک ترقی کرے گا۔ وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا نے وزیراعظم کو صوبہ خیبرپختونخوا کے انتظامی امور پر تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی معاشی صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے خیبر پختونخوا کے تمام جائز مطالبات پورے کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مل بیٹھ کر تمام مسائل کا حل نکالنا ہو گا، ہماری تمام مشترکہ کاوشوں میں عوامی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہو گی ۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت چاروں صوبوں بشمول خیبر پختونخوا کے ساتھ ہم آہنگی کے ساتھ کام کرنے اور روابط مضبوط بنانے پر یقین رکھتی ہے ۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے بھی اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت اچھی نیت کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتی ہے اور ملکی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وزیر دفاع خواجہ آصف ، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اور وفاقی وزیر ریاستی و سرحدی امور امیر مقام اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی موجود تھے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.