صنعتی ترقی اور برآمدات بڑھانے کیلئے صنعتوں کو کم لاگت پر بجلی و گیس کی فراہمی یقینی بنائیں گے،وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت صنعتی شعبے کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہم اجلاس

image

اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ صنعتی ترقی اور برآمدات بڑھانے کیلئے صنعتوں کو کم لاگت پر بجلی و گیس کی فراہمی یقینی بنائیں گے،صنعتوں کو سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے،صنعتوں کے فروغ اور ملک میں موجود پیداواری استعداد کو بروئے کار لانے کے لئے ہر ممکنہ کوشش اور اقدامات اٹھائے جائیں گے،بجلی اور گیس کی ٹیرف ریشنلائزیشن کے لیے صنعتوں سے مشاورت کی جائے۔

جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت صنعتی شعبے کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہم اجلاس جمعہ کو وزیراعظم ہائوس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صنعتی ترقی اور برآمدات بڑھانے کیلئے صنعتوں کو کم لاگت پر بجلی و گیس کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ صنعتی شعبے کو درپیش مسائل کا ترجیحی بنیادوں پر حل تلاش کیا جائے۔

وزیراعظم نے برآمدی شعبے کی صنعتوں کے لئے ٹیرف ریشنلائزیشن کے حوالے سے حکمت عملی فی الفور تیار کرنے کی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہا کہ برآمدی شعبے کی صنعتوں کو سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ صنعتوں کے فروغ اور ملک میں موجود پیداواری استعداد کو بروئے کار لانے کے لئے ہر ممکنہ کوشش اور اقدامات کئے جائیں گے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بجلی اور گیس کی ٹیرف ریشنلائزیشن کے لیے صنعتوں سے مشاورت کی جائے۔اجلاس کو صنعتوں و گھریلو صارفین کو فراہم کی جانے والی بجلی کے نرخوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر پاور اویس احمد خان لغاری ، وزیر پٹرولیم مصدق ملک،وزیر مملکت علی پرویز ملک،ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان،وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.