انٹرنیشنل ریسرچ کونسل برائے مذہبی امور کے زیر اہتمام نو روزہ آزادی فیلوشپ پروگرام اختتام پذیر

image

اسلام آباد۔26مئی (اے پی پی):انٹرنیشنل ریسرچ کونسل برائے مذہبی امور (آئی آر سی آر اے)کے زیر اہتمام آزادی فیلوشپ پروگرام کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا جس میں 15 اضلاع سے تعلق رکھنے والے شرکا نے شرکت کی ۔اس متنوع اجتماع کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں میں افہام و تفہیم اور سماجی ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔ اس پروگرام میں امریکہ، برطانیہ، ابوظہبی، جامعہ الازہر مصر، رومانیہ، انڈونیشیا، پاکستان اور بہت سے دیگر ممالک سمیت دنیا کے کونے کونے سے مقررین کی نمایاں تعداد دیکھی گئی۔ ان مقررین نے مذہبی رواداری، ثقافتی تنوع اور سماجی ہم آہنگی کی اہمیت پر اپنی بصیرت کا اظہار کیا۔

شرکا کو اسلام آباد کا ایک جامع دورہ کرایا گیا جس میں ممتاز تھنک ٹینکس، اسلام آباد کلب، تھیٹرز کے ساتھ میوزک کلبز اور اہم ثقافتی مقامات جیسے لوک ورثہ عجائب گھر ، گرجا گھروں اور مندروں کا دورہ شامل تھا۔ اس دورے کی ایک خاص بات قومی اسمبلی کا دورہ تھا، جہاں نوجوان شرکا نے پاکستان کے قانون سازی کے عمل اور جمہوری فریم ورک کے بارے میں گہری معلومات حاصل کیں۔ پروگرام کے کثیر الثقافتی ماحول نے مختلف لسانی اور مذہبی پس منظر سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کو قریب آنے اور ایک دوسرے سے سیکھنے کا موقع فراہم کیا۔ اس عمل سے ایک دوسرے کی ثقافتوں اور عقائد کے لئے باہمی احترام اور تعریف کو فروغ حاصل ہوا جومستقبل کے تعاون اور تفہیم کے لئے مضبوط بنیاد ہموار کریں گے۔

تقریب کے دوران شرکا نے سماجی ہم آہنگی کے قومی بیانیے کو فروغ دینے کا عہد کیا اور اتحاد اور امن کے لئے پیغام پاکستان کے سفیر کے طور پر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے زیادہ ہم آہنگ اور روادار معاشرے کی تعمیر کے لئے اپنی کمیونٹیز کے اندر اس پیغام کو پھیلانے کے لئے اپنی لگن کا اظہار کیا۔ میڈیا سے اپنے خیالات کا تبادلہ کرتے ہوئے آئی آر سی آر اے کے صدر محمد اسرار مدنی نے بتایا کہ آزادی فیلوشپ پروگرام نے ثقافتی اور مذہبی تقسیم کو ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، جس میں ہم آہنگ معاشرے کی تعمیر میں مکالمے اور باہمی احترام کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال فیلوشپ میں مذہبی آزادی، جمہوریت اور شہری سرگرمیوں کے بارے میں مفید معلومات پر توجہ مرکوز کی گئی۔انہوں نے کہا کہ آزادی فیلوشپ پروگرام پاکستان میں مذہبی آزادی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لئے ہمارے عزم کی نمائندگی کرتا ہے، ہمیں یقین ہے کہ نوجوان رہنمائوں اور سکالرز کو بااختیار بنا کر ہم زیادہ جامع اور متنوع معاشرے کی طرف اہم پیش رفت کر سکتے ہیں۔واضح رہے کہ انتہائی اہمیت کا حامل یہ پروگرام 17 مئی سے25 مئی 2024 تک جاری رہا ۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.