بالی وڈ پر ایک عرصے تک راج کرنے والی ہیروئنز اب کیا کر رہی ہیں؟

image
بالی وڈ میں اداکاروں کے کام کرنے کی عمر زیادہ ہوتی ہے اور وہ زیادہ دنوں تک فلموں میں ہیرو کے طور پر آتے رہتے ہیں لیکن اداکاراؤں کا دور زیادہ دنوں تک نہیں رہتا۔

سنہ 1990 کی دہائی پر اگر نظر ڈالیں تو آپ دیکھیں گے کہ مادھوری ڈکشٹ سے لے کر ممتا کلکرنی تک ایک لمبی فہرست نظر آتی ہے جنہوں نے بہت ساری ہٹ فلمیں دیں، لیکن ایک وقت کے بعد انہوں نے تھوڑے عرصے کے لیے ہی سہی فلموں سے کنارہ کشی اختیار کی، جبکہ ان کے دور کے ہیرو آج تک پر پردۂ سکرین پر نظر آتے ہیں۔

لیکن چند اداکارائیں ایسی ہیں جنہوں نے اب تک اپنا کام جاری رکھا ہوا ہے۔ ان میں سے آج ہم تین اداکاراؤں کا ذکر کر رہے ہیں۔

فلم ’قیامت سے قیامت تک‘ میں قیامت ڈھانے والی اداکارہ جوہی چاؤلہ نے پوری ایک دہائی تک فلموں پر راج کیا اور اداکار عامر خان کے ساتھ ان کی جوڑی پہلی ہی فلم میں اتنی پسند کی گئی کہ انہوں نے اس کے بعد یکے بعد دیگرے نصف درجن فلمیں ایک ساتھ کر ڈالیں۔

ریاست ہریانہ کے امبالہ میں پیدا ہونے والی جوہی چاؤلہ سنہ 1984 میں مس انڈیا بنیں اور مس یونیورس میں انہیں بیسٹ کاسٹیوم کا ایوارڈ ملا۔

فلم میں آنے کے لیے مس انڈیا اور مس ورلڈ بننا ایک آسان راستہ ہے چنانچہ انہیں سنہ 1986 میں فلم ’سلطنت‘ میں ایک چھوٹا سا کردار ملا لیکن پھر ’قیامت سے قیامت‘ تک کی کامیابی کے بعد انہوں نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔

ان کے بارے میں یہ کہا جاتا ہے کہ وہ اپنے زمانے کی بہترین اداکاراؤں پر بھاری پڑتی تھیں۔ فلم ’عشق‘ میں ان کے ساتھ کاجول تھیں لیکن وہ ان پر بھاری نظر آئیں۔ اسی طرح ’گلاب گینگ‘ میں وہ مادھوری ڈکشٹ پر بھاری پڑتی نظر آئیں۔

وہ ایک ایسی اداکارہ ہیں جنہیں سلمان خان نے شادی کی پیشکش کی تھی لیکن جوہی چاؤلہ نے اس پیشکش کو مسترد کر دیا۔ شاید یہی وجہ ہے کہ سلمان خان کے ساتھ ان کی کوئی بڑی فلم نہیں ہے، البتہ انہوں نے ان کی فلموں میں چھوٹے چھوٹے کردار ضرور ادا کیے۔

جوہی چاؤلہ نے ’امر پریم‘، ’لو لو لو‘، ’بول رادھا بول‘ اور ’راجو بن گیا جینٹل مین‘ جیسی فلموں سے اپنی اداکاری کا لوہا منوایا۔ انہیں ’ہم ہیں راہی پیار کے‘ کے لیے بہترین اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

عامر خان کے بعد انہوں نے شاہ رخ خان کے سے ساتھ بہت سی کامیاب فلمیں کیں اور وہ اب بھی فلموں میں ماں اور بہن کا کردار ادا کرتی نظر آتی ہیں لیکن اس سے کہیں زیادہ وہ کرکٹ کی معروف ترین لیگ آئی پی ایل میں منہمک نظر آتی ہیں کیونکہ وہ شاہ رخ خان کے ساتھ کولکتہ نائٹ رائیڈرز میں حصہ دار ہیں۔

مادھوری ڈکشٹ کو فلم ’تیزاب‘ سے جو شہرت حاصل ہوئی وہ آج تک قائم ہے۔ (فوٹو: سکرین گریب)مادھوری ڈکشٹ اب کیا کر رہی ہیں؟فلم نگری بمبئی میں پیدا ہونے والی 57 سالہ ’دھک دھک گرل‘ یعنی مادھوری ڈکشٹ نے سنہ 1984 میں آنے والی فلم ’ابودھ‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا لیکن انہیں سنہ 1988 میں آنے والی فلم ’تیزاب‘ سے جو شہرت حاصل ہوئی وہ آج تک قائم ہے۔

ایک زمانہ ان کا دیوانہ تھا۔ یہاں تک کہ معروف انڈین پینٹر ایم ایف حسین ان کے حسن کے اتنے گرویدہ ہوئے کہ ان پر ایک فلم ’گج گامنی‘ بنا ڈالی۔

انیل کپور کے ساتھ فلم ’تیزاب‘ کی کامیابی کے بعد انہوں نے ’دل‘، ’بیٹا‘ اور ’ہم آپ کے ہیں کون‘ جیسی ہٹ فلمیں دیں۔

انہیں چار بار بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ ملا۔ یہ ایوارڈز ’دل‘، ’بیٹا‘، ’ہم آپ کے ہیں کون‘ اور ’دل تو پا‏گل ہے‘ کے لیے ملا جبکہ فلم ’دیوداس‘ میں بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ انہوں نے اپنے نام کیا۔ لیکن انہیں ریکارڈ 17 بار فلم فیئر ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا۔

وہ اپنے زمانے کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ رہیں اور سنہ 2000 میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے انہیں سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرنے والی اداکارہ قرار دیا۔

مادھوری ڈکشٹ نے میڈیا کی قیاس آرائیوں کے درمیان 17 اکتوبر 1999 کو لاس اینجلس میں کام کرنے والے دل کے ڈاکٹر شری رام مادھو نینے سے ایک روایتی تقریب میں اپنے بڑے بھائی کی رہائش گاہ پر شادی کی۔ ان کے شوہر ان کی مشہور فلمی شخصیت ہونے سے بے خبر تھے۔

مادھوری نے اس کے متعلق کہا کہ ’یہ بہت اہم تھا کہ وہ مجھے ایک اداکارہ کے طور پر جاننے سے پہلے ایک شخص کے طور پر جانیں۔‘

مادھوری ڈکشٹ بہترین ڈانسر بھی ہیں اور کتھک ڈانس میں انہیں ملکہ حاصل ہے۔ (فوٹو: کوئی موئی)بہرحال فلم ’دیوداس‘ کے بعد انہوں نے بچوں اور اہل خانہ کا خیال رکھنے کے لیے فلموں سے چھٹی لے لی لیکن پھر انہوں نے فلموں میں واپسی کی۔

مادھوری ڈکشٹ بہترین ڈانسر بھی ہیں اور کتھک ڈانس میں انہیں ملکہ حاصل ہے بلکہ انہیں بہت کم عمری میں اس کے لیے سکالرشپ بھی ملی تھی۔

1990 کی دہائی میں شاید وہ سب سے زیادہ کامیاب اداکارہ تھیں۔ انہوں نے ڈانس پروگرامز کے ساتھ ٹی وی شوز کے لیے بھی کام کیا۔ وہ اب بھی فلموں میں سرگرم ہیں لیکن اس کے ساتھ وہ ڈانس سکول چلاتی ہیں جس پر ان کا سب سے زیادہ فوکس ہے۔

شلپا شیٹی کیا کر رہی ہیں؟آٹھ جون 1975 کو پیدا ہونے والی شلپا شیٹی کا اصل نام اشونی شیٹی تھا۔ انہوں نے شاہ رخ خان کی فلم ’بازیگر‘ سے اپنا کیریئر شروع کیا اور اس فلم کے لیے انہیں بہترین معاون اداکارہ کے ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا۔

اس کے بعد انہوں نے وقفے وقفے سے اچھی فلمیں دیں اور کامیابی کے زینے چڑھتی رہیں۔ اگرچہ وہ 1990 کے دہائی میں جوہی اور مادھوری کے سامنے بہت کامیاب نہیں تھیں لیکن سنہ 2000 کی دہائی میں انھیں خاطر خواہ زیادہ فلمیں اور کامیابیاں ملیں۔

شلپا شیٹی بھی مادھوری ڈکشٹ کی طرح تربیت یافتہ ڈانسر ہیں لیکن وہ بھرت ناٹیم میں مہارت رکھتی ہیں جبکہ مادھوری کتھک میں۔

شلپا نے فلموں میں آنے سے پہلے اشتہار کی دنیا میں قدم رکھا اور سب سے پہلے انہیں لمکا کے اشتہار میں دیکھا اور پسند کیا گيا جس کے بعد ان کے لیے فلموں کا راستہ کھلا۔

شلپا شیٹی نے اداکار اکشے کمار کے ساتھ اس وقت ڈیٹ کرنا شروع کیا جب اکشے کا روینہ ٹنڈن سے بریک اپ ہوا تھا۔ (فائل فوٹو: دی نیوز مین)انہوں نے گوندہ کے ساتھ فلم ’آگ‘ میں کام کیا جبکہ اس میں ان کے ساتھ اداکارہ سونالی بیندرے بھی تھیں۔ سیف علی خان اور اکشے کمار کے ساتھ ’میں کھلاڑی تو اناڑی‘ میں کام کیا اور پھر سیف کے ساتھ ’آؤ پیار کریں‘ میں کام کیا لیکن یہ فلم زیادہ کامیاب نہ ہو سکی۔ سلمان خان کے ساتھ فلم ’پھر ملیں گے‘ میں انہوں نے ایچ آئی پازیٹو کا کردار ادا کیا ہے جسے ناقدین نے بہت زیادہ سراہا تھا۔

شلپا شیٹی نے بہت سے سماجی پہلوؤں پر کام کیا ہے اور وہ ایک ایکٹیوسٹ کی طرح ہیں۔ انہوں نے برٹش سلیبریٹی شو ’بگ برادر‘ میں شرکت کی اور اس کی فاتح رہیں۔ وہ پہلی انڈین سلیبریٹی تھیں جنہیں اس شو میں مدعو کیا گیا تھا اور اس کے لیے انہیں تین کروڑ انڈین روپے سے زیادہ کی رقم پیش کی گئی تھی۔

فلموں میں وہ اب بھی کبھی کبھی نظر آتی ہیں لیکن عام طور پر انہیں ٹی وی شوز پر جج کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔

انہوں نے اداکار اکشے کمار کے ساتھ اس وقت ڈیٹ کرنا شروع کیا جب اکشے کا روینہ ٹنڈن سے بریک اپ ہوا تھا۔ وہ اکشے کمار کے ساتھ اپنے رشتے کو راز نہیں رکھنا چاہتی تھیں اور میڈیا میں اس پر بات بھی کرتی تھی۔ ان دونوں کی شادی کی باتیں ہونے لگی تھیں لیکن فلم ’دھڑکن‘ کے بعد دونوں میں علیحدگی ہو گئی۔

انھوں نے اس کے بعد آئی پی ایل کی ٹیم راجستھان رائلز میں شراکت اختیار کی اور اس ٹیم کے شراکت دار راج کندرا سے شادی کر لی۔

شلپا ایک زمانے سے یوگا ایکسپرٹ کے طور پر کام کر رہی ہیں۔ (فوٹو: یوٹیوب)شلپا شیٹی پر ایک ميگزن کی تصاویر کے لیے فحاشی کا الزام لگایا گیا تھا اور ان پر مقدمہ کیا گیا تھا۔ اس تصویر میں ان کی ناف نظر آ رہی تھی جس کے جواب میں شلپا نے کہا تھا کہ اگر ناف کا نظر آنا فحاشی کو بڑھاوا دینے کے زمرے میں آتا ہے تو روایتی انڈین لباس ساڑھی پر بھی پابندی ہونی چاہیے کیونکہ اس میں بھی ناف نظر آتی ہے۔

امریکی اداکار رچرڈ گیرے نے ان کے گال پر بار بار بوسہ دیا تھا جس پر ممبئی سمیت دہلی، کانپور، بھوپال اور بنارس میں مظاہرے ہوئے تھے اور بہت ہنگامہ برپا ہوا تھا۔ یہ واقعہ ایڈز کے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے ایک پروگرام کے دوران پیش آیا تھا۔

اگرچہ شلپا شیٹی کو چار بار فلموں میں ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا لیکن انہیں کوئی ایوارڈ نہ مل سکا۔

شلپا ایک زمانے سے یوگا ایکسپرٹ کے طور پر کام کر رہی ہیں اور سوشل میڈیا پر ان کے یوگا آسن دیکھے جا سکتے ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
آرٹ اور انٹرٹینمنٹ
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.