"میرے والد نانا بھائی گجراتی ہندو برہمن تھے جبکہ ماں کا تعلق فقہہ اہل تشیع سے تھا ان کا نام شیرین محمد علی تھا. میرے ماں باپ ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے لیکن والد سیکولر نہیں تھے وہ کٹر ہندو تھے جبکہ ماں بھی اپنے مذہب پر عمل کرتی تھیں. دونوں نے ایک دوسرے کے مذہبی عقائد میں کبھی مداخلت نہیں کی"
یہ کہنا ہے بھارت کے نامور فلمساز مہیش بھٹ کا جنھوں نے چند سال پہلے ایک چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے اپنی مسلم شناخت پر بات کی.
مہیش بھٹ نے انکشاف کیا کہ میری ماں ماتھے پر ٹیکا لگاتی تھیں اور ساڑھی پہنتی تھیں لیکن وہ مسلمان تھیں اور 1992 میں ہندو مسلم فسادات کے دوران وہ کافی پریشان رہتی تھیں کہ کہیں ان کی مسلم شناخت ہماری زندگی پر اثر انداز نہ ہو.
اپنی گفتگو جاری رکھتے ہوئے مہیش بھٹ نے مزید کہا کہ جب میں نے اپنی بیٹیوں کے نام عالیہ اور شاہین رکھے تو ماں اور زیادہ فکر مند ہوگئیں کیونکہ یہ اسلامی نام ہیں.
واضح رہے کہ مہیش بھٹ نے 1970 میں لورین برائٹ سے شادی کی تھی جن سے ان کے دو بچے راہول اور پوجا بھٹ پیدا ہوئے، جبکہ 1986 میں انھوں نے سونی رزدان سے شادی کی تھی جن سے دو بیٹیاں شاہین اور عالیہ ہیں.