لبنان: حزب اللہ اراکین کے پیجرز میں ایک ساتھ دھماکے، 8 شہید، ڈھائی ہزار سے زائد زخمی

image

لبنان میں چھوٹی مواصلاتی ڈیوائس پیجر پھٹنے سے 8 افراد شہید ہوگئے جب کہ ایرانی سفیر، حزب اللہ کے متعدد اراکین سمیت ڈھائی ہزار سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ سیکیورٹی ذرائع نے غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ لبنان بھر بات چیت کے لیے استعمال ہونے والی ڈیوائس پیجرز پھٹنے سے حزب اللہ کے اہلکاروں اور طبی عملے سمیت ڈھائی ہزار سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

عرب میڈیا کے مطابق لبنان کے مخلتف علاقوں میں حزب اللہ ارکان کے پیجرز میں ایک ساتھ دھماکے ہوئے، رابطوں کے لیےاستعمال ہونے والی پیجر ڈیوائسز میں دھماکوں سےحزب اللہ کےکئی اراکین زخمی ہوئے۔

عرب میڈیا کے مطابق پیجر ڈیوائسز میں دھماکے جنوبی لبنان اور بیروت کے نواحی علاقوں میں ہوئے، حزب اللہ کے زخمی ارکان کو اسپتال پہنچا دیا گیا ہے جن میں سے کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔

لبنان کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ پیجر دھماکوں میں ایک بچے سمیت 8 افراد شہید جبکہ ڈھائی ہزار سے زائد زخمی ہوگئے ہیں، 200 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پیجرز دھماکوں کے نتیجے میں لبنان میں ایران کے سفیر مجتبیٰ امانی بھی زخمی ہوئے ہیں۔

عرب میڈیا کی جانب سے چلائی جانے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے پیچرز میں دھماکوں کے بعد اسپتال زخمیوں سے بھر گئے ہیں۔

غیرملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق زخمیوں میں سے اکثر کو ہاتھوں، پیروں، چہروں اور آنکھوں پر زخم آئے ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق پیجرز میں دھماکوں کا سلسلہ دوپہر 3 بج کر 45 منٹ پر شروع ہوا جو تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا۔

لبنان کی سکیورٹی فورسز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان بھر میں متعدد وائرلیس کمیونیکیشن ڈیواسز میں دھماکے ہوئے جن کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوئے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق جن پیجرز میں دھماکے ہوئے ہیں وہ جدید ماڈل کے تھے جنہیں حالیہ مہینوں میں ہی خریدا گیا تھا۔


News Source   News Source Text

عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.