اسرائیلی فوج کا غزہ میں پناہ گزین اسکول پر حملہ، بچوں سمیت 22 فلسطینی شہید

image

غزہ میں اسرائیلی فوج کے پناہ گزین اسکول پر حملے کے نتیجے میں مزید 22 فلسطینی شہید ہوگئے۔

فلسطین وزارت صحت کے مطابق ہفتے کو غزہ میں الزیتون کے علاقے میں پناہ گزین اسکول پر اسرائیلی فضائی حملے میں کم از کم 22 افراد شہید ہوئے جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہیں۔

وزارت صحت نے بتایا کہ 7 اکتوبر سے جاری جنگ کے دوران یہ اسکول بند کر دیا گیا تھا جس کے بعد یہاں بے گھر افراد نے پناہ لی تھی۔

دوسری جانب اسرائیل ڈیفنس فورسز نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس نے غزہ میں حماس کے ایک کمانڈ سینٹر کو نشانہ بنایا جسے عسکریت پسند گروپ دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کے لیے استعمال کر رہا تھا۔

ادھر حماس نے اسکولوں اور دیگر شہری مقامات کو فوجی مقاصد کے لیے استعمال کرنے سے انکار کیا ہے۔

حماس کے زیر انتظام سرکاری میڈیا آفس نے کہا کہ الزیتون کے علاقے میں ہفتے کے روز ہونے والے حملے میں شہید ہونے والوں میں کئی بچے اور 6 خواتین شامل ہیں۔

غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی نے بھی ان ہلاکتوں کی اطلاع دی اور مزید کہا کہ ان میں سے ایک خاتون حاملہ تھی۔

اس ماہ کے شروع میں، فلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کی ایجنسی (انروا) نے کہا تھا کہ نصیرات پناہ گزین کیمپ میں الجعونی اسکول پر اسرائیلی فضائی حملے میں اس کے 6 ملازمین مارے گئے تھے۔

انروا کے مطابق7 اکتوبر کے بعد سے اسرائیل کی جانب سے پانچویں بار اسکول کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری جنگ میں اسرائیلی حملوں میں 41 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوئے ہیں۔


News Source   News Source Text

عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts