لبنان: اسرائیلی حملوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 492 ہو گئی، 1645 زخمی

image

لبنان پر اسرائیلی حملوں میں جاں بحق افراد کی تعداد 492 ہو گئی جبکہ 1645 افراد زخمی ہو گئے۔ لبنان کی وزرات صحت کے مطابق جاں بحق افراد میں 38 بچے اور 58 خواتین شامل ہیں۔ لبنانی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ کا کہنا تھا کہ بیروت پر اسرائیلی حملے میں حزب اللہ کے سینیئر کمانڈر علی کرکی محفوظ رہے۔

لبنان پر اسرائیلی حملوں کے جواب میں کارروائی کرتے ہوئے حزب اللہ نے بھی اسرائیل پر 200 کے قریب راکٹ داغ دیے۔

حزب اللہ کی جانب سے شمالی علاقے کی اسرائیلی فوجی چوکیوں اور حیفہ شہر میں رافیل ڈیفنس انڈسٹری کمپلیکس کو نشانہ بنایا گیا۔

دوسری جانب لبنان اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی میں اضافے کے بعد امریکا نے مشرق وسطیٰ میں موجود 40 ہزار امریکی فوجیوں کی تعداد میں اضافے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ادھر لبنان پر اسرائیلی حملوں کے بعد مصر نے آج سے بیروت آنے اور جانے والی پروازیں منسوخ کر دیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی جنگی طیاروں نے صرف آدھے گھنٹے میں لبنان کے شہر نبطیہ پر 80 فضائی حملے کیے جس میں حزب اللہ کے اہداف پر حملوں کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اسرائیل کی جانب سے کیا گیا حملہ غزہ جنگ شروع ہونے کے بعد اب تک کا سب سے بڑا فضائی حملہ تھا جس میں اسرائیل نے لبنان کے شمالی اور جنوبی حصے پر ایک وقت میں حملہ کیا۔


News Source   News Source Text

عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Get Alerts