بھارتی کرکٹ ٹیم میں کونسا کھلاڑی اپنی بھولنے کی عادتوں کی وجہ سے ’گجنی‘ کہلاتا ہے؟ کپتان روہت شرما نے اس راز سے پردہ اٹھا دیا۔
حال ہی میں دی گریٹ انڈین کپل شرما شو میں ٹیسٹ کپتان روہت شرما اور دیگر بھارتی کرکٹرز نے شرکت کی، جس کی اگلے ہفتے آن ایئر ہونے والی قسط کی کچھ جھلکیاں سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں۔ میزبان کپل شرما، روہت اور ٹیم کے دوسرے کھلاڑیوں سے دل چسپ اور مزاحیہ سوالات کرتے نظر آتے ہیں۔
وائرل کلپ میں جب ارچنا پورن سنگھ نے روہت شرما سے پوچھا کہ ٹیم میں ’گجنی‘ کون ہے؟ (اشارہ عامر خان کی مشہور فلم "گجنی" کی طرف تھا، جس میں مرکزی کردار کو چیزیں یاد نہیں رہتی)، تو روہت شرما نے زور دار قہقہہ لگایا اور ہنستے ہوئے کہا، ’’یہ تو میرا اصلی لقب ہے۔‘‘
یہ سن کر بھارتی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی ہنس پڑے اور روہت شرما کی بھولنے کی عادتوں پر کئی مزاحیہ قصے سنانے لگے۔ بتایا گیا کہ سفر کے دوران روہت اکثر کچھ نہ کچھ بھول جاتے ہیں، یہاں تک کہ وہ اپنا موبائل اور پاسپورٹ تک کئی بار بھول چکے ہیں۔
یاد رہے کہ کپل شرما شو کا یہ دوسرا سیزن نیٹ فلکس پر جاری ہے، اور اس سے پہلے بھی روہت شرما شریاس آئیر کے ساتھ شو کا حصہ رہ چکے ہیں۔