وہ بدنام زمانہ امریکی قید خانہ جہاں جج بھی مجرموں کو بھجوانے سے کتراتے ہیں

ایم ڈی سی بروکلن کا قیام 1990 کی دہائی میں کیا گیا تھا تاہم اس میں درپیش آئے مسائل نئے نہیں ہیں بلکہ سالوں پرانے ہیں۔ یہاں قید کے بارے میں سوچ کر ججز، ملزمان یا مجرمان کیوں خوفزدہ ہو جاتے ہیں؟
USA
Getty Images
ایم ڈی سی کے نام سے جانے جانی والی یہ جیل نیو یارک شہر کے علاقے بروکلن میں واقع ہے

امریکہ میں ایک ایسی جیل ہے جہاں اکثر نامور شخصیات کو سزا کاٹنے کے لیے بھیجا جاتا ہے لیکن یہ جیل بدانتظامی، قیدیوں کے ساتھ بد سلوکی اور تشدد کے واقعات کی وجہ سے بدنام ہے۔ اس جیل کی شہرت اب اتنی خراب ہو چکی ہے کہ سزا دینے کے بعد جج بھی مجرموں کو یہاں قید کاٹنے کے لیے بھجوانے سے کتراتے ہیں۔

’بروکلن میٹرو پولیٹن ڈیٹینشن سینٹر‘ یعنی ایم ڈی سی کے نام سے جانے جانی والی یہ جیل نیو یارک شہر کے علاقے بروکلن میں واقع ہے۔ یہ نیو یارک شہر کی واحد وفاقی جیل ہے۔

حال میں ایک بار پھر یہ جیل سرخیوں میں اس وقت آئی جب مشہور امریکی رییپر شون ’ڈڈی‘ کومبز جنھیں پی ڈڈی بھی کہا جاتا ہے کو ان کے ٹرائل تک یہاں قید کیا گیا۔

پی ڈڈی کی عمر 54 برس ہے اور ان کا تعلق نیو یارک سے ہے۔ میوزک انڈسٹری خاص طور پر ریپ میوزک کے لیے انھیں ایک تاریخی شخصیت مانا جاتا ہے۔ اپنے 30 سالہ کریئر میں انھوں نے ہِپ ہاپ میوزک کا طرز بدل دیا۔ بطور پروڈیوسر انھوں نے ماریا کیری، جینیفر لوپیز اور کئی نامور شخصیات کے کریئر میں چار چاند لگا دیے۔

تاہم آج ان کا اپنا کریئر ڈگمگا رہا ہے۔

پی ڈڈی پر مبینہ طور پر خواتین کو اغوا کر کے سیکس کے لیے فروخت کرنے کے الزامات ہیں۔ ان پر یہ بھی الزام ہے کہ وہ جسم فروشی کے لیے مبینہ طور پر ٹرانسپورٹ فراہم کرتے تھے۔ پی ڈڈی نے صحت جرم سے انکار کیا ہے یعنی انھوں نے اپنے اوپر لگائے گئے تمام الزامات کو ماننے سے انکار کر دیا ہے۔

MDC
Getty Images
پی ڈڈی پر مبینہ طور پر خواتین کو اغوا کر کے سیکس کے لیے فروخت کرنے کے الزامات ہیں

پی ڈڈی جیسے ہائی پروفائل ملزم کو اکثر جیلوں میں خاص تحفظ فراہم کیا جاتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق پی ڈڈی کو ایم ڈی سی کے ایک ایسے ہی حصے میں رکھا گیا جب تک ان کی سزا کی سماعت نہیں ہو جاتی۔

مقامی میڈیا کے مطابق پی ڈِڈی ایک اور نامور مجرم کے ساتھ اپنا ہاسٹل جیسا کمرہ شیئر کر رہے ہیں۔ ان کے ساتھی کا نام سیم بینک مین فرائڈ ہے جو کرپٹو کرنسی کے ماہر تھے اور انھیں اربوں ڈالرز کے فراڈ کے الزامات میں قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

اسی جیل کے ایک حصے میں جنسی جرائم میں سزا یافتہ جیفری ایپسٹین قید تھے۔ جیفری ایپسٹین نے سنہ 2009 میں کم عمر افراد کو جسم فروشی پر مجبور کرنے کے جرم کا اقرار کیا تھا۔ ان پر سیکس ٹریفکنگ کے الزامات پر مبنی مقدمہ زیر التوا تھا جب انھوں نے سنہ 2019 میں خودکشی کر لی تھی۔

جیفری ایپسٹین کی دوست گیلین میکسویل کو بھی جب تک سزا نہیں سنائی گئی تو انھیں بھی اسی جیل میں رکھا گیا تھا۔ انھیں نوعمر لڑکیوں کو جسم فروشی کے لیے تیار کرنے، انسانی سمگلنگ اور سہولت کاری کے الزامات میں 20 برس قید کی سزا سنائی گئی ہے اور اب وہ فلوریڈا کی وفاقی جیل میں قید ہیں۔

لیکن بروکلن ایم ڈی سی کے 1200 قیدیوں کو یہ تحفظ حاصل نہیں ہے۔

ڈسٹرکٹ جج گیری براؤن جن کے زیر نگرانی پی ڈڈی سمیت کئی مقدمات چل رہے ہیں کا کہنا ہے کہ ایم ڈی سی بروکلن میں ’بد نظمی اور تشدد کا راج ہے۔‘

گذشتہ برس اگست میں انھوں نے ایک فیصلہ سنایا جس میں انھوں نے کچھ وکیلوں کی ہچکچاہٹ کا ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزموں اور مجرموں کو ایم ڈی سی بروکلن نہ بھیجا جائے کیونکہ یہاں کا نظام انتہائی ناقص ہے۔

انھوں نے کہا کہ ’یہاں نگرانی میں کوتاہی اور حد سے زیادہ تشدد کے واقعات کے ساتھ ساتھ ناکافی طبی امداد کی بہت سی شکایات ہیں جو کئی کیسز میں ناقابل تردید ہیں۔‘

انھوں نے ایک کیس کا ذکر کیا جس میں ملزم پر کئی بار کسی نوکیلی چیز سے حملہ کیا گیا تھا۔ انھیں طبی امداد فراہم کرنے کی بجائے 25 دن کے لیے ان کے کمرے میں بند کر دیا گیا۔

جج براؤن نے اس جیل میں عملے کی کمی کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ کورونا وبا کے بعد سے یہاں کے حالات اور بھی خراب ہو گئے ہیں جبکہ ایک موقع پر اسے بند بھی کرنا پڑا تھا۔

جج براؤن کا کہنا ہے کہ جس شخص کو ٹیکس فراڈ میں سزا سنائی گئی ہے اگر بیورو آف پرزنز نے انھیں ایم ڈی سی بھیجنے کا فیصلہ کیا تو وہ ان کا مقدمہ خارج کر دیں گے۔

خونی تاریخ

ایم ڈی سی بروکلن کا قیام 1990 کی دہائی میں کیا گیا تھا تاہم اس میں درپیش آئے مسائل نئے نہیں ہیں بلکہ سالوں پرانے ہیں۔

سنہ 2019 کی سخت سردی میں یہاں بجلی کا کوئی مسئلہ پیدا ہوا جس کی وجہ سے آگ لگ گئی۔ اس کے بعد کم از کم آٹھ دن کے لیے جیل میں بجلی کا نظام غیر فعال ہو گیا۔ قیدیوں کو اندھیرے اور جم جانے والی سردی میں گزارا کرنا پڑا تھا۔

جون 2020 میں جیل کے حکام نے جمیل فلوئڈ نامی ایک قیدی پر اتنا پیپر سپرے چھڑکا کہ ان کی موت واقع ہو گئی۔ جمیل فلوئڈ کی موت کے بعد ان کے خاندان نے وفاقی حکومت پر مقدمہ دائر کر دیا۔

محکمہ انصاف کی جانب سے کیس کا جائزہ لیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ جیل کے حکام کی ’بدسلوکی‘ کے خلاف ثبوت ناکافی‘ ہیں تاہم اس بات کا اعتراف کیا گیا کہ پیپر سپرے کا استعمال کر کے پالیسی کی خلاف ورزی کی گئی تھی۔

جج براؤن وہ واحد جج نہیں جنھوں نے اس جیل کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

اسی سال جنوری میں مین ہیٹن کی وفاقی کورٹ کے ایک جج نے منشیات کے کیس میں اعتراف جرم کرنے کے باوجود گستاوو شاویز نامی مجرم کو ایم ڈی سی بروکلین بھیجنے سے انکار کر دیا کیونکہ وہاں کے حالات ’خطرناک‘ ہیں۔

Ameirca
Getty Images

اس کی بجائے انھوں نے گستاوو شاویز کو سزا ملنے کی سماعت تک زیر نگرانی رہا کر دیا اور یہ حق دیا کہ وہ ایم ڈی سی جانے سے انکار کر سکیں۔ گستاوو شاویز سے کہا گیا کہ وہ دوسری جیل رپورٹ کریں جہاں وہ اپنی سزا کاٹیں گے۔

36 سالہ ایڈون کوردیرو ایم ڈی سی میں سزا کاٹ رہے تھے جب جولائی میں وہاں ایک جھڑپ ہوئی جس میں وہ زخمی ہوگئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ان کی موت ہو گئی۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے گستاوو شاویز اور ایڈون کوردیرو کے وکیل اینڈریو ڈیلیک نے بتایا کہ ’ان واقعات میں جیل کے ایسے حالات آگ پر جلتی کا کام کرتے ہیں۔‘

’یہاں اتنی جگہ نہیں ہے جتنے قیدی ٹھونس دیے گئے ہیں اور فیصلہ سازوں کو بھی جیل کو سدھارنے میں کوئی خاص دلچسپی نہیں۔‘

اینڈریو ڈیلیک بروکلن میں سرکاری وکیل ہیں اور ان کے کئی موکلوں کو ایم ڈی سی بھیجا گیا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ ’یہ ایک بہت خوفناک جگہ ہے۔‘

جب ایڈوین کوردیرو کی موت کا واقعہ سامنے آیا تو امریکی ریپبلکن ارکان کانگریس ڈین گولڈمین نے واقعہ کا نوٹس لیا اور کہا کہ وفاقی حکومت کو چاہیے کہ یہاں پر ’مستقل طور پر عملے کی کمی اور وسیع پیمانے پر تشدد‘ کے مسئلے کا حل نکالے۔

فیڈرل بیورو آف پرزنز جن کے زیر نگرانی یہ جیل ہے کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ ’ہم اپنی تحویل میں دیے گئے لوگوں سمیت اصلاحی عملے اور کمیونٹی کی حفاظت کی ذمہ داری کو سنجیدگی سے نبھاتے ہیں۔‘

بیورو کے ترجمان کے مطابق ایم ڈی سی کے حالات کو فوری طور پر حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور اس کے لیے ایک خاص ٹیم بھی تشکیل دی گئی ہے۔

کوشش کی جا رہی ہے کہ عملے میں اضافہ کیا جائے اور جیل میں جو بھی مرمت کے کام ہیں انھیں جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

فروری 2024 میں وفاقی دفتر جہاں اینڈیو ڈیلیک کام کرتے ہیں سے ایک رپورٹ جاری ہوئی جس میں کہا گیا کہ بروکلین ایم ڈی سی میں گنجائش سے زیادہ قیدیوں کو رکھنے کا مسئلہ اس لیے پیش آیا ہے کیونکہ مین ہیٹن میں واقع جیل 2021 میں بند کر دی گئی۔

اس جیل میں جیفری ایپسٹین نے خودکشی کی تھی جس کے دو سال بعد حکومت نے اس پر تالا لگا دیا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ایم ڈی سی بروکلین میں منشیات اور دیگر ممنوع چیزوں کی وجہ سے بھی یہاں کا ماحول خطرناک ہو گیا ہے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اینڈریو ڈیلیک نے بتایا کہ ان کے موکل جنھیں عمر قید کی سزا ملنے کا خدشہ ہے وہ اس جیل کے بارے میں سوچ سوچ کر پریشان ہیں۔

’اس طرح نہیں ہونا چاہیے کہ جب آپ کی زندگی اور آزادی ویسے ہی داؤ پر لگی ہو اور آپ سے انسانیت بھی چھین لی جائے۔‘

انھوں نے کہا ’ایم ڈی سی میں لوگوں کو توڑ دیا جاتا ہے اور انھیں انسان سے کم تر محسوس کروایا جاتا ہے۔‘


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.