ملتان ٹیسٹ پر پاکستان کی گرفت مضبوط، سپن بولنگ انگلش بلے بازوں کے لیے ’ڈراؤنا خواب‘ ثابت ہونے لگی

ملتان میں پاکستان اور انگلینڈ کے مابین جاری دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میں سپنرز کی شاندار کارکردگی نے پاکستان کے لیے ہوم گراؤنڈ پر 12 ٹیسٹ میچوں میں پہلی فتح کے امکانات روشن کر دیے ہیں۔
ملتان ٹیسٹ
Getty Images
نعمان علی نے دوسری اننگز میں چھ وکٹیں حاصل کی ہیں

ملتان میں پاکستان اور انگلینڈ کے مابین جاری دوسرے کرکٹ ٹیسٹ میں سپنرز کی شاندار کارکردگی نے پاکستان کے لیے ہوم گراؤنڈ پر 12 ٹیسٹ میچوں میں پہلی فتح کے امکانات روشن کر دیے ہیں۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم نے اپنی سرزمین پر آخری ٹیسٹ میچ فروری 2021 میں جنوبی افریقہ کے خلاف جیتا تھا۔

297 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تیسرے دن کے آخری سیشن میں دو وکٹوں کا نقصان اٹھانے والی انگلش ٹیم جمعے کو کھیل کے پہلے سیشن میں ہی مزید چھ وکٹوں سے محروم ہو چکی ہے جبکہ اس کا مجموعی سکور اب سے کچھ دیر قبل تک 140 تک پہنچا ہے۔

اس وقت جیک لیچ، میتھیو پوٹس کے ساتھ مل کر اپنی ٹیم کو مشکل حالات سے نکالنے کے لیے کوشاں ہیں۔

پہلی اننگز کے لیے پاکستان کے ہیرو ساجد خان نے انگلینڈ کی دوسری اننگز کے پہلے ہی اوور میں بین ڈکٹ کو آؤٹ کروا کے مہمان ٹیم کے لیے خطرے کی گھنٹی بجائی تھی اور جمعے کو انھوں نے اولی پوپ کی وکٹ لے کر اس میچ میں اپنی وکٹوں کی تعداد نو تک پہنچا دی ہے۔

انگلینڈ کی دوسری اننگز میں پاکستان کے سب سے کامیاب بولر نعمان علی رہے ہیں جنھوں نے اب تک چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ہے جن میں جو روٹ، ہیری بروک اور بین سٹوکس جیسے اہم بلے باز بھی شامل ہیں۔

انگلینڈ کو اپنے کپتان سٹوکس سے امید تھی کہ وہ اسے مشکل حالات سے نکال پائیں گے کیونکہ وہ ماضی میں کئی بار اپنی کارکردگی سے ٹیم کو یقینی شکست سے بچا چکے ہیں لیکن جب نعمان علی نے انھیں سٹمپ کروا کر اننگز میں اپنی پانچویں وکٹ لی تو انگلینڈ کی ٹیم کو ایک بڑا دھچکا لگا۔

ملتان میں دوسرا کرکٹ ٹیسٹ اسی پچ پر کھیلا جا رہا ہے جس پرپہلا میچ کھیلا گیا تھا اور جہاں پہلا ٹیسٹ میچ ایک ہائی سکورنگ میچ ثابت ہوا تھا وہیں اس میچ کے آغاز سے ہی پچ سپنرز کے لیے موافق ثابت ہوئی۔

جمعرات کو کھیل کے تیسرے دن گرنے والی 16 وکٹوں میں سے 13 سپنرز نے حاصل کی تھیں اور جمعے کو بھی اب تک تمام وکٹیں سپنرز کے ہی حصے میں آئی ہیں۔

ملتان ٹیسٹ
Getty Images
انگلینڈ کو اپنے کپتان سٹوکس سے امید تھی کہ وہ اسے مشکل حالات سے نکال پائیں گے لیکن یہ امید پوری نہ ہو سکی

خیال رہے کہ پاکستان نے اس میچ میں صرف ایک فاسٹ بولر عامر جمال کو ٹیم میں شامل کیا اور ٹیم میں تین سپنرز زاہد محمود، نعمان علی اور ساجد خان کو جگہ دی گئی تھی۔

ملتان کی پِچ پر سوشل میڈیا پر اتنی بات چیت ہوئی کہ میچ شروع ہونے سے پہلے انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے بھی اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں اسے ’چھٹے روز‘ کی پِچ قرار دیا تاہم بعد میں یہ پوسٹ ایکس سے ڈیلیٹ کر دی گئی۔

اس ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے سابق کپتان بابر اعظم کے علاوہ فاسٹ بولرز شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کو بھی آرام دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس کے بعد سوشل میڈیا پر یہ بحث گرم رہی کہ کیا انگلینڈ جیسی بڑی ٹیم کے خلاف ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی سمجھے جانے والے بابر اعظم کو آرام دینا درست فیصلہ ہوگا لیکن بابر اعظم کی جگہ ٹیم میں شامل کیے جانے والے کامران غلام نے اپنے ٹیسٹ کریئر کی پہلی ہی اننگز میں سنچری سکور کر کے اپنے چناؤ کا فیصلہ درست ثابت کیا تھا۔

’سپن ڈراؤنا خواب ثابت ہوئی‘

سوشل میڈیا صارفین جہاں ایک طرف پاکستان کی فتح کے روشن امکانات پر خوشی ظاہر کر رہے ہیں تو وہیں وہ ساجد خان اور نعمان علی کی کارکردگی کی تعریف کیے بنا نہیں رہ سکے۔

ایک صارف نے لکھا کہ نعمان علی اور ساجد خان انگلش ’ڈراؤنا خواب‘ ثابت ہوئے۔

ایک دوسرے صارف نے لکھا کہ اس جوڑی سے زیادہ لوگوں کو میچ جتوانے کی امید نہیں تھی مگر اس نے سب کو غلط ثابت کیا۔

اسد نامی صارف کہتے ہیں کہ اگر سپنگ وکٹ ہو تو ان دونوں کے پاس بہترین موقع ہوتا ہے۔ ’ہم نے انھیں فلیٹ پچز پر کھلا کر ان سے زیادتی کی۔‘


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.