پاکستان میں واٹس ایپ صارفین ہوشیار ہوجائیں! سائبر حملوں میں اضافہ ہوگیا، اور ہیکرز واٹس ایپ اکاؤنٹس کے ذریعے اہم معلومات تک رسائی حاصل کر رہے ہیں۔ ڈان نیوز کے مطابق، سائبر حملوں کے بڑھتے ہوئے واقعات کے بعد نیشنل کمپیوٹر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (این سی ای آر) نے حفاظتی ایڈوائزری جاری کی ہے۔
ایڈوائزری میں صارفین کو سائبر حملوں سے محفوظ رہنے کے لیے چند اہم اقدامات کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ سب سے پہلے، واٹس ایپ اکاؤنٹس کے لیے مضبوط اور محفوظ پاس ورڈز کا استعمال کریں، اور مشکوک لنکس پر کلک کرنے سے گریز کریں۔
واٹس ایپ اکاؤنٹ کو بایومیٹرک لاک کے ذریعے محفوظ کریں۔ عوامی وائی فائی استعمال کرتے ہوئے واٹس ایپ چلانا سائبر حملوں کو دعوت دے سکتا ہے، اس لیے محتاط رہیں۔ مزید برآں، ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ کلاؤڈ بیک اپ کو غیر فعال کریں اور واٹس ایپ کے بلٹ ان سیکیورٹی فیچرز کا استعمال کریں۔
اینٹی وائرس اور اینٹی مالویئر سافٹ ویئر انسٹال کرکے اپنے موبائل کو مزید محفوظ بنائیں۔ ساتھ ہی، واٹس ایپ کی سیکیورٹی اپ ڈیٹس پر نظر رکھیں، تاکہ آپ کسی بھی نئے حملے سے بروقت بچاؤ کر سکیں۔ سرکاری ملازمین اور اہم ڈیٹا رکھنے والے صارفین کو خصوصی طور پر خبردار کیا گیا ہے کہ وہ کسی مشکوک سرگرمی کو فوری رپورٹ کریں تاکہ ان کا آفیشل ڈیٹا محفوظ رہ سکے۔