فیوچر سمٹ کا آٹھواں ایڈیشن 6 نومبر سے کراچی میں شروع ہوگا

image

یونٹی فوڈز اور نٹ شیل کانفرنسز گروپ کی میزبانی میں ہونے والے ایونٹ کیلئے فیصل بینک اور او آئی سی سی آئی تعاون کریں گے

کراچی، 4 نومبر، 2024: یونٹی فوڈز لمیٹڈ اور نٹ شیل کانفرنسز گروپ پاکستان کے تجارتی حب کراچی میں 6 اور 7 نومبر 2024 کو ملک کے سب سے بڑے کارپوریٹ ایونٹ ”دی فیوچر سمٹ“ کے آٹھویں ایڈیشن کی میزبانی کریں گے، جس کے لیے انہیں فیصل بینک لمیٹڈ اور اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی) کا تعاون حاصل ہوگا۔

فیوچر سمٹ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں دنیا بھر سے صنعتی ماہرین، دانشور اور جدت پسند اکٹھے ہوتے ہیں، تاکہ اقتصادیات کی نئی سمت کا تعین اور اسٹریٹجک منظرنامے کو نئی شکل دے سکیں۔ تقریب سے سینیٹر محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر برائے خزانہ و محصولات؛ محمد علی، وزیر مملکت برائے توانائی، حکومت پاکستان؛ ڈاکٹر بخیت عتیق الرومیتھی، متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل؛ اوگی کے فیبیلا II، بانی و چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز، ویون؛ کان ترزیوغلو، گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر، ویون؛ اور سابق گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) ڈاکٹر عشرت حسین، ڈاکٹر شمشاد اختر اور ڈاکٹر رضا باقر سمیت قومی اور بین الاقوامی مقررین خطاب کریں گے۔

یونٹی فوڈز لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فرخ امین نے کہا کہ مجھے نٹ شیل کانفرنسز گروپ کے ساتھ شریک میزبان کی حیثیت سے دی فیوچر سمٹ2024 کا حصہ بننے پر فخر ہے۔ اس سالانہ ایونٹ میں ہم ایک مضبوط اور پائیدار مستقبل کے لیے مختلف حکمت عملیوں کا جائزہ لیں گے۔ یونٹی فوڈز پاکستان کے فوڈ سیکٹر میں مثبت تبدیلیاں لانے، جدید غذائی ضروریات کو پورا کرنے اور مستحکم زرعی کاروباری بنیاد کے لیے مقامی کمیونیٹیز سے تعاون کرتی ہے۔

تقریب میں پاکستان کو علاقائی اقتصادی طاقت اور عالمی سطح پر مسابقتی قوت میں تبدیل کرنے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ یہ سمٹ شراکت داروں کے لیے قابل عمل حکمت عملی تیار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی، جو پاکستان کی مارکیٹ پوزیشن کو مستحکم بنانے کے ساتھ صنعتی صلاحیتوں میں اضافہ اور علاقائی بالادستی کی رفتار کو تیز کرے گی۔

نٹ شیل کانفرنسز گروپ کی جانب سے گزشتہ برسوں کے دوران مختلف صنعتوں اور شعبوں کے لیے منعقدہ بزنس سمٹ کو سرکاری اداروں، کارپوریٹ اداروں، نجی اور سرکاری شعبوں اور سول سوسائٹی کی جانب سے نمایاں پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔ 'What Matters Now' کے عنوان سے ہونے والی تقریب میں 25 عالمی ماہرین اور کارپوریٹ رہنماؤں کے ساتھ ساتھ 1000 مندوبین اور پاکستان کے 40 سرکردہ سرکاری اور نجی رہنما شرکت کریں گے۔ یہ ایونٹ موجودہ اقتصادی منظرنامے کی پیچیدگیوں کو سمجھنے اور ایک مستحکم و خوشحال مستقبل کی تشکیل کے لیے ایک متحدہ کوشش ہے۔


About the Author:

Khushbakht is a skilled writer and editor with a passion for crafting compelling narratives that inspire and inform. With a degree in Journalism from Karachi University, she has honed her skills in research, interviewing, and storytelling.

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.