ایمسٹرڈیم میں اسرائیلی فٹبال شائقین پر حملے ’ہمیں یہود مخالف رویوں کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے‘ نیدرلینڈز کے بادشاہ

نیدرلینڈز کے وزیراعظم ڈک سخوف کا کہنا ہے کہ انھوں نے پُرتشدد واقعات کے حوالے سے اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نتن یاہو کو یقین دہانی کروائی ہے کہ ’ملزمان کا پیچھا کیا جائے گا اور ان کے خلاف کارروائی ہو گی۔‘
Reuters
Reuters

ایمسٹرڈیم میں اسرائیلی فٹ بال شائقین پر پرتشدد حملوں کے بعد نیدرلینڈز کے بادشاہ کا کہنا ہے کہ ان کے ملک میں رہنے والے میں یہودیوں کو خود کو محفوظ محسوس کرنا چاہیے۔

ولیم الیگزینڈر نے کہا کہ ’ہماری تاریخ نے ہمیں سکھایا ہے کہ کس طرح دھمکیاں سنگین بن جاتی ہیں۔‘

انھوں نے مزید کہا کہ ان کا ملک ’یہود مخالف رویوں‘ کو نظر انداز نہیں کر سکتا۔

نیدرلینڈز کے دارالحکومت ایمسٹرڈیم میں اسرائیلی فُٹبال شائقین پر متعدد حملے ہوئے ہیں اور پولیس کو ان کا تحفظ کرنے کے لیے متعدد مقامات پر مداخلت کرنی پڑی۔

نیدرلینڈز کے وزیرِ اعظم ڈِک سخوف نے ان ’یہود مخالف حملوں‘ کی مذمت کی جبکہ اسرائیلی فوج نے اسے ’اسرائیلوں کے خلاف شدید اور پُرتشدد واقعات‘ قرار دیا۔

ایمسٹرڈیم کی میئر اور حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کی موجودگی کے باوجود ان حملوں میں دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں متعدد اسرائیلی شائقین زخمی ہوئے ہیں۔

ایمسٹرڈیم پولیس کا کہنا ہے کہ انھوں نے اسرائیلی شائقین پر ہونے والے حملوں کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور 62 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

اسرائیلی فُٹبال کلب مکابی تل ابیب کے سپورٹرز ایجیکس کے خلاف یورپا لیگ کا میچ دیکھنے کے لیے ایمسٹرڈیم گئے تھے۔

جمعرات کو ایجیکس اور مکابی تلِ ابیب کے درمیان میچ سے قبل ایمسٹرڈیم کے ڈیم سکوائر پر اسرائیلی فُٹبال شائقین اور فلسطین کے حامی مظاہرین کے درمیان نعرے بازی ہوئی تھی اور اس دوران پولیس نے متعدد گرفتاریاں بھی کی تھی۔

ایسی بھی اطلاعات ہیں کہ اسرائیلی فُٹبال شائقین نے وہاں پٹاخے پھوڑے اور قریب ہی ایک سڑک پر فلسطین کا جھنڈا بھی نذرِ آتش کیا لیکن بدامنی میچ ختم ہونے کے بعد مزید بڑھ گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واضح نہیں کہ کن افراد نے ان فسادات میں حصہ لیا تاہم ان کی جانب سے مقامی میڈیا کو بتایا گیا کہ حملوں میں ملوث افراد نے سیاہ لباس پہنے ہوئے تھے۔

پولیس کے مطابق ان حملوں میں زخمی ہونے والے پانچ افراد کو طبّی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا اور یہ کہ وہ لوگوں کو ’ممکنہ طور پر یرغمال بنائے جانے کی صورتحال‘ سے بھی آگاہ ہیں تاہم ان اطلاعات کی تاحال تصدیق نہیں ہو سکی۔

نیدرلینڈز کے وزیراعظم ڈک سخوف کا کہنا ہے کہ انھوں نے پُرتشدد واقعات کے حوالے سے اسرائیلی وزیرِ اعظم بنیامین نتن یاہو کو یقین دہانی کروائی کہ ’ملزمان کا پیچھا کیا جائے گا اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔‘

نیندرلینڈز میں رہنے والے تین چوتھائی یہودیوں کو دوسری جنگ عظیم میں ہولوکاسٹ کے دوران قتل کر دیا گیا تھا۔

نیندرلینڈز کے بادشہ نے اسی تاریخ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: ’یہودیوں کو نیدرلینڈز میں ہر وقت اور ہر جگہ خود کو محفوظ محسوس کرنا چاہیے۔ ہم ان کی حافاظت کریں گے اور انھیں یہاں سے جانے نہیں دیں گے۔‘

EPA
EPA

نیدرلینڈز میں مرکزی یہودی کمیٹی کے سربراہ نے الزام عائد کیا کہ اسرائیلی فُٹبال شائقین پر حملوں میں ٹیکسی ڈرائیورز نے بھی کردار ادا کیا۔

چنا ہرٹزبرجر کے مطابق ’وہ (حملہ آور) ٹولیوں کی شکل میں گھوم رہے تھے اور اپنے اہداف کو گھیر رہے تھے۔ ان حملوں اور لوگوں پر ٹیکسیاں چڑھانے کی کوششوں کی ویڈیوز گردش کر رہی ہیں۔‘

اسرائیل ایئرلائن العال کا کہنا ہے کہ ایمسٹرڈیم کے لیے دو ’ریسکیو پروازیں‘ چلا رہے ہیں تاکہ اسرائیلوں کو واپس ملک لایا جا سکے۔

اس سے قبل اسرائیلی وزیرِ اعظم نے فوج کے دو جہاز ایمسٹرڈیم بھیجنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن بعد میں یہ فیصلہ واپس لے لیا گیا۔

مکابی فُٹبال کلب کی ایک خاتون فین نے نیدرلینڈز کے ایک ٹی وی چینل کو بتایا کہ ایمسٹرڈیم میں فُٹبال شائقین پر ہونے والا تشدد ’منظم‘ طریقے سے کیا گیا تھا۔

ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے پنینا نامی خاتون کا کہنا تھا کہ حملہ آور زرد کپڑے پہنے لوگوں کو ڈھونڈ رہے تھے۔ خیال رہے مکابی فُٹبال کلب کا یونیفارم زرد رنگ کا ہے۔

رون نامی ایک اور اسرائیلی فین کہتے ہیں کہ ’ہم ایئرپورٹ آنے میں بھی ڈر رہے تھے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ وہ اگلے برس جنوری میں دوبارہ ایمسٹرڈیم آنے کا منصوبہ بنا رہے تھے لیکن اب انھوں نے یہاں ’دوبارہ نہ آنے کا فیصلہ‘ کیا۔

فلسطین
Getty Images
میچ سے قبل ایمسٹرڈیم کے ڈیم سکوائر پر اسرائیلی فُٹبال شائقین اور فلسطین کے حامی مظاہرین کے درمیان نعرے بازی ہوئی تھی

ان واقعات کی کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی گردش کر رہی ہیں جس میں سے ایک میں ایک شخص کو زمین پر گِرا ہوا دیکھا جا سکتا ہے اور لوگ اس پر تشدد کر رہے ہیں۔

نیدرلینڈز کی پارلیمنٹ میں سب سے بڑی پارٹی کے سربراہ گیرٹ وائلڈرز کا کہنا ہے کہ اسرائیلی شہریوں کے تحفظ میں ناکامی پر حکام کا احتساب ہو گا۔

ایمسٹرڈیم کی میئر فیمکے ہلسیما نے میچ سے قبل کوشش کی تھی کہ وہ فلسطین کے حامی مظاہرین کو میچ کے مقام سے دور منتقل کروائیں۔

لیکن مقامی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق ان مظاہرین کے ایک بڑے گروہ نے سٹیڈیم کی طرف رُخ کیا، جہاں انھیں پولیس کی طرف سے روکا گیا۔

اسرائیلی صدر نے ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ انھیں یقین ہے کہ نیدرلینڈز کے حکام ’تمام اسرائیلیوں اور یہودیوں کا نہ صرف سراغ لگائے گی بلکہ ان کی حفاظت اور انھیں ریسکیو بھی کرے گی۔‘

اسرائیلی حکام نے ایمسٹرڈیم میں موجود اپنے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے ہوٹلز تک محددو رہیں۔

دوسری جانب اسرائیلی میڈیا نے وزارتِ خارجہ کے ایک بیان کا حوالہ دیتے ہوئے خبر نشر کی ہے کہ اسرائیلی حکام کا ایمسٹرڈیم میں موجود تین شہریوں سے رابطہ منقطع ہو گیا۔

مکابی تلِ ابیب
Getty Images
مکابی تلِ ابیب اسرائیل کا سب سے پُرانا فُٹبال کلب ہے

مکابی تلِ ابیب فُٹبال کلب اور ’انتہا پسند‘ شائقین

مکابی تلِ ابیب اسرائیل کا سب سے پُرانا اور کامیاب ترین فُٹبال کلب ہے، جس نے ملکی سطح پر سب سے زیادہ ٹائٹل جیتے ہیں۔

یہ اسرائیلی کلب ان چند ٹیموں میں شامل ہے جو ماضی میں یو ای ایف اے چیمپینز لیگ کے ناک آؤٹ سٹیج تک بھی پہنچ چکا ہے۔

دُنیا بھر کے فُٹبال کلبز کی طرف مکابی تلِ ابیب کے بھی ایسے شائقین موجود ہیں جو اپنی ٹیم کو ’انتہا پسندی‘ کی حد تک سپورٹ کرتے ہیں۔ ان پر الزام لگتا رہا ہے کہ وہ لغو اور تعصب پر مبنی زبان استعمال کرتے ہیں۔

سنہ 2014 میں اس کلب کے حامیوں کے ایک گروہ نے مکابی تلِ ابیب فُٹبال کلب کے لیے کھیلنے والے عرب اسرائیلی فُٹبالر مہران راضی پر تعصب پر مبنی جملے کسے تھے اور تلِ ابیب کی دیواروں پر ان کے خلاف تحریریں بھی دیکھنے میں آئی تھیں۔

دیواروں پر درج تحریروں میں مبینہ طور پر کہا گیا تھا کہ ’ہمیں مکابی میں عرب کھلاڑی نہیں چاہییں‘ اور ’راضی مردہ‘ ہے۔

یہ بھی الزامات عائد کیے جا رہے ہیں کہ رواں ہفتے ایجیکس کے خلاف میچ کے دوران بھی اسرائیلی شائقین کی جانب سے مبینہ طور پر تعصب پر مبنی زبان استعمال کی گئی تھی اور انھوں نے سپین میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے خاموشی اختیار کرنے سے بھی انکار کر دیا تھا۔


News Source

مزید خبریں

BBC
مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.