بیلاروس کے صدر ایلیکزانڈر لوکاشینکو تین روزہ دورہ پر پاکستان پہنچ گئے۔
پاکستان پہنچنے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے راولپنڈی کے پی اے ایف نور خان ایئر بیس میں بیلاروس کے صدر کا استقبال کیا۔وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق بیلاروس کے صدر وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر 25 سے 27 نومبر 2024 تک پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔بیلاروس کے صدر کے دورے کے دوران صدر لوکا شینکو اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے درمیان ملاقات ہو گی اور دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بھی بات چیت ہو گی۔ اس دوران بیلاروس اور پاکستان کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط ہوں گے۔خیال رہے بیلاروس کے وزیر خارجہ کی زیر قیادت 68 رکنی اعلیٰ سطح کا وفد اتوار کو پاکستان پہنچا تھا۔وفد میں بیلاروس کی کابینہ کے اہم وزرا سمیت معروف کاروباری شخصیات اور سرمایہ کار شامل ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ بیلا روس کے صدر کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان مضبوط اور بڑھتی ہوئی شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔