مغربی افریقہ کے ملک گنی میں فٹ بال میچ کے دوران ریفری کے متنازع فیصلے کے بعد پرتشدد واقعات کے نتیجے میں 56 افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق گنی کے دوسرے بڑے شہر انزیریکوری میں فٹبال میچ کے دوران تماشائیوں میں جھگڑے کا واقعہ اتوار کے روز پیش آیا۔
خبر ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اسپتال کے ایک ڈاکٹر نے بتایا کہ اسپتال میں جہاں تک آنکھ دیکھ سکتی ہے لاشیں ہی لاشیں پڑی ہیں جبکہ کچھ لاشیں ہال میں بھی پڑی ہیں، مردہ خانہ بھی لاشوں سے بھر گیا ہے۔
ڈاکٹر نے بتایا کہ 100 کے قریب لاشیں اسپتال اور مردہ خانے میں پڑی ہیں جبکہ ایک دوسرے ڈاکٹر نے بتایا کہ درجنوں لاشیں اسپتال لائی گئیں۔
بعد ازاں گنی حکومت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ فٹبال میچ کے دوران ہونے والے تصادم کے نتیجے میں 56 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق سوشل میڈیا پر جھگڑے سے متعلق زیر گردش ویڈیوز کی تصدیق نہیں ہو سکی تاہم جو ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں ان میں اسٹیڈیم کے اطراف اور اسٹیڈیم میں لاشیں دیکھی جا سکتی ہیں۔
مقامی ذرائع کے مطابق متشعل مظاہرین نے انزیریکوری کے پولیس اسٹیشن کو بھی آگ لگا دی۔
ایک عینی شاہد نے غیر ملکی خبر ایجنسی کو بتایا کہ یہ سب اس وقت شروع ہوا جب میچ کے دوران ریفری نے متنازع فیصلہ دیا، ریفری کے فیصلے کے بعد تماشائی گراؤنڈ میں کود پڑے اور پھر جھگڑا شروع ہو گیا۔