پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے مسافروں کی شکایات اور تجاویز کو زیادہ مؤثر طریقے سے حل کرنے کے لیے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شکایات کے اندراج کے لیے جدید کیو آر کوڈ پر مبنی نظام متعارف کرایا ہے۔اس جدید نظام کے تحت مسافر اپنے سمارٹ فون کے ذریعے ایئرپورٹ کے مختلف مقامات پر نصب کیو آر کوڈز کو سکین کر کے شکایات یا تجاویز براہ راست درج کر سکتے ہیں۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ترجمان نے بتایا کہ اس نظام کا مقصد مسافروں کے تجربات کو بہتر بنانا ہے۔ان کے مطابق، ’ شکایات درج کرنے کا یہ جدید نظام ایک انقلابی قدم ہے۔ اس سے ہمیں مسافروں کی شکایات کا جلد از جلد ازالہ کرنے میں مدد ملے گی، اور ہم ان کے سفر کو مزید خوشگوار بنانے کے لیے کوشاں ہیں۔‘
مسافروں کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے شکایات درج کرنے کے لیے دیگر ذرائع بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
مسافر ایئرپورٹ کی آفیشل ویب سائٹ پر جا کر اپنی شکایات درج کر سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ایک آن لائن پورٹل بھی موجود ہے جسے خاص طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے۔ ویب سائٹ کے ’ای-شکایت‘ سیکشن میں جا کر صارفین اپنی شکایات یا تجاویز آسانی سے جمع کرا سکتے ہیں۔اس کے علاوہ، مسافر اپنی شکایات ای میل کے ذریعے بھیج سکتے ہیں۔ اس کے لیے ای میل ایڈریس [email protected] فراہم کیا گیا ہے۔ وہ مسافر جو ٹیکنالوجی استعمال نہیں کرتے یا ترجیحاً روایتی طریقہ اپنانا چاہتے ہیں، ان کے لیے ایئرپورٹ کے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کاؤنٹرز پر دستی شکایت رجسٹر بھی دستیاب ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ ایئرپورٹ پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ امیگریشن اور کسٹم کلیئرنس کے لیے علیحدہ کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں تاکہ ان کے وقت کی بچت ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ کرنسی ایکسچینج کے لیے جدید بوتھ اور اے ٹی ایمز بھی موجود ہیں۔انتظار کرنے والے مسافروں کے لیے آرام دہ لاؤنجز فراہم کیے گئے ہیں، جہاں وائی فائی اور ریفریشمنٹس کی سہولت بھی موجود ہے۔ترجمان کا کہنا تھا کہ سامان کی دیکھ بھال کے لیے خصوصی عملہ تعینات کیا گیا ہے جو مسافروں کو مدد فراہم کرتا ہے۔ابتدائی فیڈ بیک کے مطابق مسافر اس بات پر مطمئن ہیں کہ ان کے مسائل اور تجاویز کو فوری طور پر سننے اور حل کرنے کے لیے یہ نظام مؤثر ثابت ہو رہا ہے۔پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی اس کامیاب اقدام کے بعد ملک کے دیگر ہوائی اڈوں پر بھی اسی طرز کا نظام متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ترجمان کے مطابق، 'ہمارا مقصد صرف شکایات کا ازالہ کرنا نہیں بلکہ مسافروں کے اعتماد کو بھی بحال کرنا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ مسافر پاکستان کے ایئرپورٹس پر عالمی معیار کی سہولتوں سے مستفید ہوں۔‘