’صرف بیٹنگ کی اجازت‘، شکیب الحسن کو کسی بھی ٹورنامنٹ میں بولنگ سے روک دیا گیا

image

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے شکیب الحسن کو آئی سی سی سے منظور شدہ قومی فیڈریشنز، ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل مقابلوں میں بولنگ کرنے سے روک دیا ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق بی سی بی نے اتوار کو اپنے بیان میں کہا کہ شکیب الحسن کو انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے غیرقانونی ایکشن کی وجہ سے بولنگ سے معطل کر دیا تھا جس کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔

 بورڈ نے یہ بھی کہا کہ شکیب جلد ہی ایک تسلیم شدہ ٹیسٹنگ سینٹر میں دوبارہ تشخیص کے لیے حاضر ہوں گے تاکہ ان کے بولنگ ایکشن کو کلیئر کروا کے معطلی ہٹائی جا سکے۔

ستمبر میں انگلش کاؤنٹی کرکٹ میچ کے دوران مشتبہ ایکشن کے لیے رپورٹ کیے جانے کے بعد شکیب کا رواں ماہ برطانیہ کے آئی سی سی ٹیسٹنگ سینٹر لافبورو یونیورسٹی میں بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ لیا گیا جس میں وہ ناکام ہو گئے تھے۔ ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد ای سی بی نے شکیب کے خلاف ایکشن لیا تھا۔

غیرقانونی بولنگ ایکشن کے لیے آئی سی سی کے ضوابط کی شق 11.3 کے مطابق، جب کوئی قومی فیڈریشن کسی کھلاڑی کو اپنے ڈومیسٹک مقابلوں میں بولنگ کرنے سے روکتا ہے، تو اس معطلی کو تسلیم کیا جاتا ہے جس کے بعد کھلاڑی کو تمام دیگر قومی فیڈریشنز، آئی سی سی اور ڈومیسٹک مقابلوں سے بھی معطل کر دیا جاتا ہے۔

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ہمیں مطلع کیا گیا ہے کہ قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شکیب الحسن کو انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے دائرہ اختیار میں ہونے والے مقابلوں میں بولنگ کرنے سے روک دیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں شکیب کو ڈومیسٹک کرکٹ اور انٹرنیشنل مقابلوں میں بھی بولنگ سے معطل کر دیا گیا ہے‘۔

’اگر شکیب کے ایکشن کو دوبارہ ٹیسٹنگ کے بعد کلیئر کیا جاتا ہے تو انہیں تمام مقابلوں میں بولنگ کرنے کی اجازت ہوگی۔‘

پابندی کے بعد فی الحال شکیب ہر قسم کی ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ میں صرف بلے باز کے طور پر کھیل سکتے ہیں۔

بنگلہ دیش کے نامور آل راؤنڈر شکیب الحسن کے لیے یہ ایک غیرمعمولی سال ثابت ہوا ہے۔ شکیب کے کیریئر کو دھچکا اس وقت لگا جب رواں سال بنگلہ دیش میں عوامی لیگ کی حکومت کا تختہ الٹا اور بطور رکن پارلیمان انہیں مقدمات کا سامنا کرنا پڑا۔

شکیب ٹیسٹ اور ٹی20 کرکٹ سے پہلے  ہی ریٹائر ہو چکے ہیں اور ڈھاکہ میں الوداعی ہوم ٹیسٹ کھیلنے کی ان کی خواہش کو احتجاجی طلبہ نے ناکام بنا دیا تھا۔

شکیب اب بھی ون ڈے کرکٹ میں ایک فعال کھلاڑی ہیں لیکن انہیں گزشتہ چار ہفتوں میں افغانستان اور ویسٹ انڈیز کی سیریز کے لیے منتخب نہیں کیا گیا۔ وہ اس وقت لنکا ٹی10 مقابلے میں کھیل رہے ہیں۔ شکیب نے گال مارولز کے لیے گزشتہ دو میچوں میں بولنگ بھی نہیں کی۔ 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.