نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو 432 رنز سے ہرا دیا، ٹِم ساؤتھی ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر

image

تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو 432 رنز کے بڑے مارجن سے ہرا دیا۔

ہملٹن میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے انگلینڈ کو جیتنے کے لیے 658 رنز کا ہدف دیا گیا جس کے جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 234 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔

انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں جیکب بیتھل نے 76، جو رُوٹ نے 54 اور گس ایٹکنسن نے 43 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں مِچل سینٹنر نے چار جبکہ ٹِم ساؤتھی اور میٹ ہینری نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں کین ولیمسن کی 134 رنز کی شاندار اننگز کے بدولت 453 رنز بنائے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں کین ولیمسن کے علاؤہ وِل ینگ اور ڈیرل مِچل 60،60 بنانے میں کامیاب رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے دوسری اننگز میں جیکب بیتھل نے تین جبکہ بین سٹوکس اور شعیب بشیر نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ہملٹن ٹیسٹ میں انگلینڈ نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 347 رنز بنائے۔

 

    

View this post on Instagram           A post shared by BLACKCAPS (@blackcapsnz)

اس کے جواب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 143 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

خیال رہے کہ انگلینڈ نے سیریز 0-2 سے پہلے ہی اپنے نام کر لی تھی۔

دوسری جانب ہملٹن ٹیسٹ کی خاص بات یہ تھی کہ یہ کیوی پیسر ٹِم ساؤتھی کا آخری ٹیسٹ میچ تھا۔

کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ کرک اِنفو کے مطابق ٹِم ساؤتھی نے اپنے الوداعی ٹیسٹ میچ کے بعد بات کرتے ہوئے کہا کہ ’قومی ٹیم کی کیپ پہن کر جو وقت میں نے گزارا وہ بہت خاص ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’جب میں بچہ تھا تو اُس وقت میں صرف چاہتا تھا کہ بڑا ہو کر نیوزی لینڈ کی نمائندگی کروں۔ تاہم  کیریئر میں 800 (تمام فارمیٹس) وکٹیں حاصل کرنا بڑی اطمینان بخش چیز ہے۔‘

 

 ٹِم ساؤتھی نے نیوزی لینڈ کی 107 ٹیسٹ میچوں میں نمائندگی کی۔ (فوٹو: اے ایف پی)

فاسٹ بولر نے مزید کہا کہ ’اس کھیل نے مجھے بہت کچھ دیا ہے۔ اس نے مجھے سب کچھ دیا ہے۔ میں اپنی آدھی سے زیادہ زندگی اپنی ٹیم کے لیے کھیلا ہوں اور ایسا کرنا میری زندگی کا خواب تھا۔‘

ٹِم ساؤتھی نے مزید کہا کہ ’یہ خوشی کی بات ہے اور دکھ کی بھی۔ ہم جذبات سے گزرتے ہیں لیکن زندگی آگے بڑھتی رہتی ہے۔‘

خیال رہے کہ ٹِم ساؤتھی نے نیوزی لینڈ کی 107 ٹیسٹ میچوں میں نمائندگی کی جس میں انہوں نے 391 وکٹیں حاصل کیں۔

انہوں نے 15 مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کیں جبکہ بطور بیٹر وہ اپنے ٹیسٹ کیریئر میں 2245 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.