انڈین سپنر روی چندر اشون کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

image
انڈین کرکٹ ٹیم کے سپنر روی چندر اشون نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ 

بدھ کے روز آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران روی چندر اشون نے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا جہاں ٹیم کے کپتان روہت شرما بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ 

پریس کانفرنس کے دوران اشون نے کہا ’میں آپ سب کا زیادہ وقت نہیں لوں گا، آج میرا بطور انڈین کرکٹر آخری دن ہے۔‘

انہوں نے کانفرنس کے دوران کسی بھی سوال کا جواب نہیں دیا اور ریٹائرمنٹ کا اعلان کر کے چلے گئے جس کے بعد کپتان روہت شرما نے کہا ’اشون کو اپنے فیصلے کے بارے میں یقین ہے، ہمیں اس کا ساتھ دینا چاہیے۔‘

اس سے قبل اشون کو ڈریسنگ روم میں ویراٹ کوہلی کے ساتھ ایک جذباتی انداز میں بات کرتے دیکھا گیا تھا۔ 

اشون آسٹریلیا کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز کے صرف دوسرے میچ میں شامل ہوئے تھے اور برسبین میچ میں ان کی جگہ روندر جڈیڈا کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔ 

روی چندر اشون انڈین ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے دوسرے بڑے کھلاڑی ہیں، انہوں نے 106 میچز میں 537 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔

وائٹ بال فارمیٹ میں اشون نے 181 میچ کھیلے اور 228 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 116 ون ڈے میچ کھیلے اور 33.20 کی اوسط سے 156 وکٹیں حاصل کیں، جس میں ان کے بہترین اعداد و شمار 4/25 ہیں۔

 انہوں نے 16.44 کی اوسط سے 707 رنز بھی بنائے، ان کی کھیلی گئی 63 اننگز میں ایک ففٹی اور 65 رنز کی اننگ بھی شامل ہیں۔

 اشون انڈیا کے لیے ون ڈے میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے 13ویں بولر ہیں۔

ٹی20 کرکٹ میں انہوں نے 23.22 کی اوسط سے 72 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے بہترین اعداد و شمار 4/8 ہیں۔ انہوں نے 19 اننگز میں 26.28 کی اوسط سے 184 رنز بھی بنائے، جس میں بہترین سکور 31  رہا۔ وہ ٹی20 میں انڈیا کے لیے چھٹے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔

287 میچوں میں 765 وکٹوں کے ساتھ، وہ انیل کمبلے کی 953 وکٹوں کے بعد تمام فارمیٹس میں انڈیا کے دوسرے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے انڈیا کے ساتھ 2011 کا 50 اوور کا ورلڈ کپ اور 2013 کی چیمپئنز ٹرافی بھی جیتی۔

 

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.