شیخ نہیان مبارک النہیان کا چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار

image
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے متحدہ عرب امارات کرکٹ بورڈ کے چیئرمین و وزیر شیخ نہیان مبارک النہیان سے ملاقات کی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے اتوار کو جاری ہونے والے بیان کے مطابق سندھ کے شہر گھوٹکی میں ہونے والی ملاقات میں محسن نقوی نے شیخ نہیان مبارک النہیان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور پاکستان یو اے ای میں کرکٹ کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔ اور پاکستان اور یو اے ای کے درمیان کرکٹ کے فروغ کے لیے مزید اقدامات پر اتفاق بھی ہوا۔

بیان کے مطابق محسن نقوی نے شیخ نہیان مبارک النہیان کو چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے میچز دیکھنے کے لیے پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ جبکہ متحدہ عرب امارات کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

شیخ نہیان مبارک النہیان نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتے ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے نیک تمنائیں آپ کے ساتھ ہیں۔

پی سی بی کے مطابق محسن نقوی نے ملاقات میں یو اے ای میں کرکٹ کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔

انہوں نے کہا کہ آپ کی پاکستان آمد ہمارے لیے باعث افتخار ہے۔ یو اے ای کی قیادت نے ہمیشہ پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ یو اے ای کے ساتھ کرکٹ کے فروغ کے لیے کام کریں گے۔

چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ سے متعلق نیک تمناؤں پر آپ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ پاکستان میں اس ٹورنامنٹ کے انعقاد کے حوالے سے بہت خوش و خروش پایا جاتا ہے۔ ہم چیمپئنز ٹرافی کو شاندار و منفرد ٹورنامنٹ بنانا چاہتے ہیں۔

دوسری جانب پی سی بی ترجمان عامر میر نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے متحدہ عرب امارات کو نیوٹرل وینیو کے طور پر چن لیا ہے اور اس حوالے سے باضابطہ طور پر آئی سی سی کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’اب انڈیا اور پاکستان کے چیمپئنز ٹرافی کے میچز یو اے ای میں ہوں گے۔‘

’چیمپئنز ٹرافی کے لیے نیوٹرل وینیو کا فیصلہ میزبان پاکستان نے کرنا تھا۔ وینیو کا حتمی فیصلہ محسن نقوی اور شیخ النہیان کی ملاقات کے بعد ہوا۔‘


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.