پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کے دورہ پاکستان کی تفصیلات کا اعلان کر دیا ہے۔
منگل کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ٹیسٹ میچز ملتان میں کھیلے جائیں گے، پہلا ٹیسٹ 17سے 21 جنوری تک اور دوسرا 25 سے 29 جنوری تک کھیلا جائے گا۔
پی سی بی کے مطابق ویسٹ انڈیز کی ٹیم 6 جنوری کو پاکستان پہنچے گی۔
پاکستان شاہینز کے خلاف راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں 10 سے 12 جنوری تک تین روزہ میچ بھی کھیلے گی۔ اس کے بعد ملتان میں ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔
یہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کا 19 سال میں پاکستان کا پہلا ٹیسٹ ٹور ہے۔ جبکہ اپریل 2018 سے وسیٹ انڈیز کی ٹیم تین مرتبہ پاکستان کا دورہ کر چکی ہے، جون 2022 میں ون ڈے سیریز کے لیے جبکہ دو مرتبہ اپریل 2018 اور دسمبر 2021 میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستان میں میچز کھیلے تھے۔
دوسری جانب کرکٹ ویسٹ انڈیز نے ٹیسٹ میچز کے لیے اپنی ویب سائٹ پر 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کیا ہے۔
سکواڈ کی قیادت کریگ بریتھ ویٹ کریں گے جبکہ جوشوا ڈی سلوا کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
رواں سال جولائی میں ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 20 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا۔