سینچورین ٹیسٹ: خراب روشنی کے باعث دوسرے دن کا کھیل ختم

image

پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ کا دوسرے دن کا کھیل خراب روشنی کے باعث جلد ختم کر دیا گیا ہے۔

سینچورین میں جاری ٹیسٹ میچ میں جمعے کو کھیل کے دوسرے دن کے اختتام پر پاکستان نے دوسری اننگز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 88 رنز بنائے ہیں اور اسے جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید دو رنز درکار ہیں۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 16 اور سعود شکیل 8 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔

پاکستان کی دوسری اننگز میں آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں صائم ایوب، شان مسعود اور کامران غلام شامل ہیں جو بالترتیب 28، 28 اور 4 رنز بنا سکے۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے دوسری اننگز میں مارکو یانسین نے دو جبکہ کاگیسو رباڈا نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 301 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ اور یوں اسے پاکستان پر 90 رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔

جنوبی افریقہ کی جانب سے پہلی اننگز میں ایڈن مارکرم 89، کوربن بوش 81 اور ٹیمبا بوُوما 31 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

پاکستان کی طرف سے پہلی اننگز میں خرم شہزاد اور نسیم شاہ نے تین تین جبکہ محمد عباس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز

جنوبی افریقہ نے دوسرے دن کھیل کا آغاز تین وکٹوں کے نقصان پر 82 رنز سے کیا۔

دوسرے دن کے پہلے سیشن کے آغاز میں ٹیمبا بوُوما اور ایڈن مارکرم نے محتاط بیٹنگ کی۔

پاکستان کو پہلی اننگز میں چوتھی کامیابی 136 رنز پر ملی جب ٹیمبا بوُوما 31 رنز پر عامر جمال کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کو پانچویں وکٹ کے لیے زیادہ انتظار نہ کرنا پڑا اور ڈیوڈ بیڈنگھم 178 کے ٹیم سکور پر نسیم شاہ کی گیند پر سلپ میں موجود کامران غلام کو کیچ تھما بیٹھے۔

جنوبی افریقہ کو چھٹا جھٹکا بھی جلد ہی لگا جب کائل ویرینے صرف دو رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

ساتویں وکٹ کے لیے مارکو یانسین ایڈن مارکرم کا ساتھ نہ نبھا سکے اور وہ بھی دو رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

 

کوربن بوش نے اپنی 81 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز میں 15 چوکے لگائے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کو آٹھویں وکٹ ایڈن مارکرم کی ملی جو 89 رنز کی اہم اننگز کھیلنے کے بعد خرم شہزاد کی گیند پر وکٹوں کو پیچھے موجود محمد رضوان کو کیچ دے بیٹھے۔

ایڈن مارکرم کے آؤٹ ہونے کے بعد میچ میں ڈیبیو کرنے والے کوربن بوش پاکستانی بیٹرز کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہے جس کے باعث جنوبی افریقہ کی برتری میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا۔

جنوبی افریقہ کا نواں نقصان کاگیسو رباڈا کی وکٹ کی صورت میں ہوا جو 13 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

نویں وکٹ گرنے کے باوجود کوربن بوش پاکستانی بولرز کے آگے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے رہے۔

انہوں نے اپنی 81 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز میں 15 چوکے لگائے جن کی بدولت جنوبی افریقہ کی برتری مستحکم ہوگئی۔

 

پاکستان کی طرف سے پہلی اننگز میں خرم شہزاد نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

جنوبی افریقہ کی آخری وکٹ 301 رنز پر گری جب ڈین پیٹرسن صائم ایوب کی گیند پر چھکا لگانے کی کوشش میں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 211 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔

پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں کامران غلام 54، عامر جمال 28 اور محمد رضوان 27 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے ڈین پیٹرسن نے پانچ، کوربن بوش نے چار جبکہ مارکو یانسین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی یہ ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون

اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں شان مسعود (کپتان)، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان آغا، عامر جمال، نسیم شاہ، خرم شہزاد اور محمد عباس شامل ہیں۔

جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون

اس میچ کے لیے جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون میں ایڈن مارکرم، ٹونی ڈی زورزی، رائن رِکلٹن، ٹرسٹن سٹبز، ٹیمبا بوُوما (کپتان)، ڈیوڈ بیڈنگھم، کائل ویرینے (وکٹ کیپر)، مارکو یانسین، کاگیسو رباڈا، ڈین پیٹرسن اور کوربن بوش شامل ہیں۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.