پاکستان کے ساتھ دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں 148 رنز کے تعاقب میں تیسرے دن کے اختتام پر جنوبی افریقہ نے 27 رنز بنائے ہیں اور اس کے تین کھلاڑی پویلین لوٹ چکے ہیں۔ جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 121 رنز درکار ہیں اور اس کی سات وکٹیں باقی ہیں۔ ایڈن مارکرم 22 اور ٹیمبا بوُوما صفر پر ناٹ آؤٹ ہیں۔سنیچر کو سینچورین میں کھیل کے تیسرے دن پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 237 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور یوں جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز کی 90 رنز کی برتری اتار کر 148 رنز کا ہدف دیا۔گرین شرٹس کی جانب سے سعودی شکیل 84 اور بابر اعظم 50 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ جنوبی افریقہ کی جانب سے مارکو یانسین نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے چھ وکٹیں اپنے نام کیں۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 240 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے پہلی اننگز میں ایڈن مارکرم 89، کوربن بوش 81 اور ٹیمبا بوُوما 31 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی طرف سے پہلی اننگز میں خرم شہزاد اور نسیم شاہ نے تین تین جبکہ محمد عباس نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 211 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں کامران غلام 54، عامر جمال 28 اور محمد رضوان 27 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
جنوبی افریقہ کی طرف سے ڈین پیٹرسن نے پانچ، کوربن بوش نے چار جبکہ مارکو یانسین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
خیال رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی یہ ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے پاکستانی ٹیم کی پلیئنگ الیون میں شان مسعود (کپتان)، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سلمان آغا، عامر جمال، نسیم شاہ، خرم شہزاد اور محمد عباس شامل ہیں۔
جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون میں ایڈن مارکرم، ٹونی ڈی زورزی، رائن رِکلٹن، ٹرسٹن سٹبز، ٹیمبا بوُوما (کپتان)، ڈیوڈ بیڈنگھم، کائل ویرینے (وکٹ کیپر)، مارکو یانسین، کاگیسو رباڈا، ڈین پیٹرسن اور کوربن بوش شامل ہیں۔