جنوبی افریقہ نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو شکست دے کر سیریز 0-2 سے اپنے نام کر لی۔
پیر کو کیپ ٹاؤن میں پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں دیا گیا 58 رنز کا ہدف جنوبی افریقہ کے اوپنرز نے آٹھویں اوور کی پہلی گیند پر حاصل کر لیا۔
جنوبی افریقہ کے ڈیوڈ بیڈنگھم 30 گیندوں پر 44 جبکہ ایڈن مارکرم 13 گیندوں پر 14 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان نے فالو آن کا شکار ہونے کے باوجود فائٹ بیک کیا لیکن قسمت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔
پاکستان کی جانب سے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے کپتان شان مسعود نے 145 رنز بنائے۔ ان کے علاوہ بابر اعظم دو نصف سینچریوں کے ساتھ نمایاں رہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ریان ریکلٹن کریر کی پہلی ڈبل سینچری جبکہ ٹمبا باووما اور کائل ویریانے نے ایک، ایک سنیچری سکور کی۔
پاکستان کی دوسری اننگز
پاکستان اپنی پہلی اننگز میں جنوبی افریقہ کے 615 رنز کے جواب میں 194 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو کر فالو آن کا شکار ہوگیا تو دوسری اننگز کا آغاز ہی 421 رنز کے بوجھ کے ساتھ ہوا۔
گرین شرٹس کے کپتان شان مسعود اور بابر اعظم میدان میں اترے تو سب کا خیال تھا کہ پہلی اننگز میں ناقص بیٹنگ کے بعد دوسری اننگز میں بھی ٹیم کچھ خاص نہیں کر پائے گی لیکن شان مسعود جو اپنی فارم اور کپتانی کی وجہ سے تنقید کی زد میں تھے، نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر ناقدین کو خاموش کرانے کا فیصلہ کیا۔
دونوں اوپنرز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ابتدا سے ہی جنوبی افریقہ کے بولرز کو دباؤ میں رکھا۔ شان اور بابر کے درمیان 205 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی اور بابر اعظم بدقسمتی سے اپنی سینچری مکمل نہ کر سکے اور 81 رنز بنا کر مارکو یانسن کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے۔
یوں میچ کے تیسرے روز کے اختتام پر پاکستان کے ایک وکٹ کے نقصان پر 213 رنز تھے اور جنوبی افریقہ کو 208 رنز کی برتری حاصل تھی۔
پاکستان نے جنوبی افریقہ کو دوسری اننگز میں صرف 58 رنز کا ہدف دیا (فوٹو: اے ایف پی)
پیر کو میچ کے چوتھے روز کپتان شان مسعود اور خرم شہزاد بیٹنگ کےلیے آئے۔ پاکستان کا سکور 235 رنز پر پہنچا تو خرم شہزاد آؤٹ ہوگئے، انہوں نے 18 رنز بنائے۔
پاکستان کی تیسری وکٹ کامران غلام کی صورت میں گری، وہ 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد وکٹ کی ایک جانب موجود کپتان شان مسعود کا ساتھ چوتھی وکٹ پر سعود شکیل نے دیا، دونوں کے درمیان 51 رنز کی پارٹنرشپ بنی تاہم 329 کے مجموعے پر سعود شکیل بھی آؤٹ ہو گئے۔
اسی سکور پر پاکستان کے کپتان شان مسعود بھی میراتھون اننگز کھیل کر پویلین لوٹے، انہوں نے 145 رنز بنائے۔
چھٹی وکٹ پر محمد رضوان اور سلمان علی آغا کے درمیان 50 رنز کی پارٹنرشپ نے جنوبی افریقہ کی برتری ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
محمد رضوان 41، سلمان علی آغا 48، عامر جمال 34، میر حمزہ 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد عباس صفر کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
خیال رہے پاکستان کو صائم ایوب کی خدمات حاصل نہیں تھیں کیونکہ وہ دوران فیلڈ انجری کا شکار ہو کر نہ صرف ٹیسٹ میچ بلکہ چھ ہفتوں کے لیے کرکٹ سے باہر ہو گئے تھے۔
فالو آن کے بعد کپتان شان مسعود اور بابر اعظم نے دوسری اننگز میں 205 رنز کی شراکت کے ساتھ پر اعتماد آغاز کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کی پہلی اننگز
پاکستانی ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف پہلی اننگز میں نو وکٹوں پر 194 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی، صائم ایوب انجری کے باعث بیٹنگ نہیں نہیں کر سکے تاہم پاکستان کی پہلی اننگز کے اختتام پر جنوبی افریقہ کو 421 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔
جنوبی افریقہ کے 615 رنز کے جواب میں پاکستان کا آغاز مایوس کن رہا، کپتان شان مسعود ایک مرتبہ پھر ناکام دکھائی دیے، وہ صرف دو رنز بنا کر کگیسو ربادا کی گیند پر اس وقت آؤٹ ہوئے جب ٹیم کے مجموعی سکور صرف دو تھے۔ شان مسعود کی وکٹ کے ساتھ ہی پاکستان کی ناکامیوں کا آغاز ہو گیا۔
پاکستان کی دوسری وکٹ کامران غلام کی صورت میں گری، وہ 12 رنز بنا کرمارکو یانسین کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
اس کے بعد پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز سعود شکیل تھے جو بغیر کوئی رن بنائے 20 کے مجموعے پر کگیسو ربادا کا شکار بنے۔ یوں دوسرے روز کے اختتام پر پاکستان نے تین وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بنائے تھے۔
615 رنز کے جواب میں پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 194 رنز پر ڈھیر ہو کر فالو آن کا شکار ہوئی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اتوار کو کیپ ٹاؤن میں پاکستان نے میچ کے تیسرے روز کا آغاز 64 رنز پر تین وکٹوں کے نقصان کے ساتھ کیا تو محمد رضوان اور بابراعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔
دونوں بیٹرز نے 98 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم بابر اعظم 58 اور محمد رضوان 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
ان کے علاوہ پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا 19،عامر جمال 15، خرم شہزاد 14 اور میر حمزہ 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد عباس صفر کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے کاگیسو ربادا نے تین، کوینا ماپاکھا اور کیشو مہاراج نے دو، دو جبکہ مارکو یانسن اور ویان ملڈر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
جنوبی افریقہ کی پہلی اننگز
کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوسرے دن جنوبی افریقہ کی ٹیم پہلی اننگز میں 615 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔
ریان ریکلٹن نے اپنے کریر کی پہلی ڈبل سینچری بنائی (فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی افریقہ کی جانب سے ریان ریکلٹن نے ڈبل سینچری بنائی تھی، ٹمبا باووما اور کائل ویریانے نے سینچریاں بنائی تھیں۔
پاکستان کی طرف سے محمد عباس اور سلمان علی آغا نے تین تین جبکہ میر حمزہ اور خرم شہزاد نے دو دو وکٹیں حاصل کی تھیں۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل (نائب کپتان)، صائم ایوب، بابر اعظم، کامران غلام، محمد رضوان، سلمان علی آغا، عامر جمال، خرم شہزاد، میر حمزہ اور محمد عباس پاکستان کی پلیئنگ الیون میں شامل تھے۔
جنوبی افریقہ کی پلیئنگ الیون
ٹمبا باووما (کپتان)، ایڈن مرکرام، ریان رکیلٹن، ویان ملڈر، ٹرسٹن اسٹبسم ڈیوڈ بیڈنگھم، کیل ویرینے، مارکو یانسن، کیشو مہاراج، کاگیسو ربادا اور کوینا ماپاکھا جنوبی افریقہ کی پلینگ الیون میں شامل تھے۔