ڈونلڈ ٹرمپ کی کینیڈا کے خلاف اقتصادی طاقت استعمال کرنے کی دھمکی

image

نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کینیڈا کے خلاف اقتصادی طاقت استعمال کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے کیونکہ وہ کینیڈا کو امریکہ میں ضم کرنے کے اپنے منصوبے پر عمل پیرا ہیں۔

فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق منگل کو یہ پوچھے جانے پر کہ کیا وہ فوجی طاقت استعمال کریں گے تو انہوں نے کہا کہ ’نہیں، اقتصادی طاقت۔‘

ان کا کہنا تھا کہ "کینیڈا اور امریکہ دونوں مل کر واقعی بہت کچھ ہوں گے۔ آپ اس مصنوعی طور پر کھینچی گئی لکیر سے چھٹکارا پائیں گے اور آپ اس پر ایک نظر ڈالیں کہ یہ کیسا لگتا ہے۔ اور یہ قومی سلامتی کے لیے بھی بہت بہتر ہوگا۔‘

خیال رہے کہ پیر کو ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی کی شمالی پڑوسی ملک کینیڈا کو امریکہ کی 51ویں ریاست بنانے کی خواہش کو دہرایا تھا۔

78 سالہ ٹرمپ نے کینیڈا کو امریکہ کی 51ویں ریاست بنانے کا خیال اسی وقت سے پیش کرنا شروع کیا جب انہوں نے پانچ نومبر کو اپنی انتخابی کامیابی کے بعد وزیر اعظم ٹروڈو سے ملاقات کی تھی۔

ڈونلڈ ٹرمپ اپنے متعدد سوشل میڈیا پوسٹس میں اپنی اس خواہش کا ذکر کر چکے ہیں۔

ٹرمپ نے اپنے ذاتی پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر پیر کو شیئر کی گئی پوسٹ میں لکھا کہ ’کینیڈا میں بہت سے لوگ 51ویں ریاست بننا پسند کرتے ہیں۔‘

’امریکہ مزید تجارتی خسارے اور سبسڈی برداشت نہیں کر سکتا جو کینیڈا کو چلتے رہنے کے لیے درکار ہے۔ جسٹن ٹروڈو کو اس کا علم تھا اور اسی وجہ سے انہوں نے استعفیٰ دیا۔‘

نو منتخب صدر نے مزید کہا کہ ’اگر کینیڈا امریکہ میں ضم ہو جائے تو کوئی ٹیرف نہیں ہوں گے، ٹیکس بہت کم ہو جائیں گے اور وہ روسی اور چینی جہازوں کے خطرے سے مکمل طور پر محفوظ ہوں گے جو انہیں مستقل طور پر گھیرے ہوئے ہیں۔ (امریکہ اور کینیڈا) ساتھ مل کر یہ کتنا عظیم ملک ہو گا۔‘

کینیڈا کا ٹرمپ کی اس تجویز پر تاحال کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.