امریکہ میں لاس اینجلس کے جنگلات میں آگ بھڑک اُٹھی، 30 ہزار افراد بےگھر

image
امریکہ کے شہر لاس اینجلس کے جنگلوں میں لگنے والی آگ وسیع رقبے تک پھیل گئی ہے جس سے گھروں اور املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق لاس اینجلس کا بڑا حصہ دھوئیں کی لپیٹ میں ہے جبکہ 30 ہزار افراد کے گھروں کو چھوڑ کر بھاگ نکلنے سے سڑکوں پر ٹریفک جام ہو گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ساحلی قصبے سانٹا مونیکا اور مالیبو کے درمیان کم از کم 2 ہزار 921 ایکٹر پر محیط پیسیفک پالیسڈس کا علاقہ متاثر ہوا ہے۔

ہالی وڈ کے بیشتر اداکاروں کے گھر بھی پیسیفک پالیسڈس کے علاقے میں واقع ہیں۔

اداکار جیمز ووڈز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ وہ نکلنے میں کامیاب ہو گئے ہیں لیکن انہیں نہیں معلوم کہ ان کا گھر بچ گیا ہے یا نہیں۔

حکام نے پہلے ہی خشک موسم کے بعد آنے والی طاقتور ہواؤں کے نتیجے میں شدید آگ کے خطرے سے خبردار کر دیا تھا۔

ہواؤں کے مزید تیز ہونے اور دیگر گھروں کے آگ کی لپیٹ میں آنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ نقل مکانی کرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ متعدد گھر آگ کی لپیٹ میں آئے ہیں اور گاڑیاں بھی جل گئی ہیں جبکہ لوگ اپنی جان بچانے کی غرض سے ٹوپانگا کی پہاڑیوں سے بھاگ رہے تھے۔

لاس اینجلس میں فائر ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ کرسٹین کرولی نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ اس دوران کوئی شخص زخمی نہیں ہوا جبکہ دس ہزار گھروں میں 25 افراد کو خطرہ درپیش ہے۔

2 ہزار 921 ایکٹر پر محیط پیسیفک پالیسڈس کا علاقہ آگ کی لپیٹ میں ہے۔ فوٹو: روئٹرز

آگ لگنے سے پہلے محکمہ موسمیات نے لاس اینجلس کاؤنٹی کے لیے ہائی الرٹ جاری کیا تھا اور منگل سے جمعرات تک ہواؤں کی رفتار 50 سے 80 میٹر فی گھنٹہ کی پیش گوئی کی تھی۔

ایکس پر جاری بیان میں محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ آگ کے امکانات کے حوالے سے صورتحال بہت زیادہ خراب ہے۔

گورنر گیون نیوسم نے ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی کیلی فورنیا میں آگ کے خطرے کے پیش نظر فائر ٹرک، جہاز اور عملہ تعینات کر دیا گیا ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
عالمی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.