سلمان خان کی شادی ان کے خاندان سمیت ہر کسی کی خواہش ہے، لوگ اپنے پسندیدہ اداکار کو دلہا بنا دیکھنا چاہتے ہیں اور اس سے بھی بڑھ کر وہ کس سے شادی کرتے ہیں یہ جاننے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
لیکن اس کے باوجود 59 سالہ سلمان اب تک کنوارے ہیں اور اب وہ شادی کے موضوع پر بات کرنے سے گریز کرتے ہیں۔ جبکہ دوسری جانب ان کے والد نے کئی بار ان کی شادی نہ ہونے کی وجہ بتائی ہے۔
ان دنوں سلیم خان کا ایک پرانا انٹرویو سامنے آیا ہے جس میں وہ یہ بات کہتے نظر آئے کہ، سلمان کا پتہ نہیں کیا مسئلہ ہے، اسکی سوچ میں تھوڑا سا تضاد ہے جس کی وجہ سے بھی اسکی شادی نہیں ہوتی۔
انہوں نے بتایا کہ، سلمان کے جب کسی اداکارہ کے ساتھ تعلقات بنتے ہیں تو وہ پھر اس میں اپنی والدہ جیسی گھرداری کی صلاحیتیں دیکھنا شروع کردیتا ہے، جو کہ غلط ہے۔ کیونکہ کسی بھی کام کرنے والی خاتون سے یہ امید رکھنا کہ وہ اپنا کام چھوڑ کر گھر بیٹھ جائے، بچے پالے، ان کو اسکول لے جائے، ہوم ورک کروائے یا کھانا پکائے تو یہ ایک مسئلہ ہے۔
سیلم خان کا کہنا تھا کہ، جب یہ کسی کو پسند کرنے لگتا ہے تو یہ اس کو بدلنے کی کوشش کرتا ہے اور اس میں اپنی ماں کو ڈھونڈتا ہے، جو ممکن نہیں ہے۔