پی ایس ایل سے باہر ہونے کے بعد کیا کرکٹ میں شاہنواز دھانی کی کہانی ختم ہو گئی؟

image

دنیا بھر کی ٹی20 فرنچائز لیگز کی طرح پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نے بھی ملک کو کئی قابل نوجوان کرکٹرز دیے۔

پی ایس ایل کی فرنچائزز نے اپنے پہلے سیزن سے ہی گراؤنڈ لیول پر جا کر نوجوان کھلاڑیوں کو ڈھونڈنا شروع کیا۔

کھلاڑیوں کو پی ایس ایل کا جو سب سے بڑا فائدہ ہوا وہ یہ تھا کہ انہیں قومی کرکٹ ٹیم کا حصہ بننے کے لیے زیادہ محنت نہ کرنا پڑی اور براہ راست فرنچائز سے انہیں قومی ٹیم میں ڈیبیو کروایا گیا۔

ایسے ہی ٹیلنٹ اور جوش سے بھرپور ایک کھلاڑی شاہنواز دھانی بھی ابھر کر سامنے آئے جنہیں پی ایس ایل کی بدولت جلدی شہرت اور پھر پاکستان کرکٹ ٹیم کی ’کیپ‘ بھی ملی۔

5 اگست 1998 کو صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ میں پیدا ہونے والے شاہنواز دھانی  کو پی ایس ایل کی فرنچائز ملتان سلطان نے اپنی ٹیم میں خریدا۔

شاہنواز دھانی کے مرحوم والد انہیں کرکٹر کے بجائے سرکاری ملازم بننے کا کہتے تھے جس کی وجہ سے انہیں کرکٹ کے ساتھ ساتھ بی کام کی پڑھائی بھی کرنا پڑی۔

شاہنواز دھانی نے نومبر 2019 میں پاکستان کے سب سے متعبر ڈومیسٹک ٹورنامنٹ قائداعظم ٹرافی میں سندھ کے لیے ڈٰیبیو کیا۔

اس کے بعد 2021 میں انہیں ملتان سلطان نے پی ایس ایل کے سیزن کے لیے اپنی ٹیم میں چُن لیا۔

شاہنواز دھانی نے ملتان سلطانز کے لیے 2021 سے لے کر 2024 تک 27 میچوں میں نمائندگی کی جس میں انہوں نے 39 وکٹیں حاصل کیں۔

پی ایس ایل میں شاہنواز دھانی کی مقبولیت کی دو وجوہات بنیں۔

دھانی کی مقبولیت کی پہلی وجہ اُن کا تعلق لاڑکانہ سے ہونا تھا کیونکہ سندھ کے اندرون شہروں میں کرکٹ کے مواقعے بڑے شہروں کی نسبت بہت کم ہیں۔

دہانی کو کرکٹ کے میدان میں جہاں بھرپور جشن مناتے ہوئے دیکھا گیا وہیں اُن کی آف دی فیلڈ مصروفیات بھی نمایاں رہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

فاسٹ بولر کی مشہوری کی دوسری وجہ وکٹ حاصل کرنے کے بعد اُن کا غیر معمولی جشن تھا۔

دھانی جب بھی وکٹ لیتے تو ٹیم سے الگ بھاگ جاتے اور تمام کھلاڑی اُن کے پیچھے پیچھے ہوتے۔

پی ایس ایل میں متاثر کن کارکردگی کے باعث انہیں 2021 میں بنگلہ دیش کے خلاف میرپور ڈھاکہ میں کھیلے گئے ٹی20 میچ سے قومی ٹیم کا ڈیبیو کروایا گیا۔

شاہنواز دھانی 2021 میں یو اے ای میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کے ریزرو سکواڈ میں بھی شامل تھے۔

انہوں نے پاکستان کی دو ون ڈے اور 11 ٹی20 میچز میں نمائندگی کی جس میں انہوں نے بالترتیب ایک اور 8 وکٹیں حاصل کیں۔

شاہنواز دھانی جہاں ایک باصلاحیت کھلاڑی نظر آئے لیکن وہ اپنے ساتھ زیادہ انصاف نہ کر سکے۔

شاہنواز دہانی کو پی ایس ایل کی بدولت جلدی شہرت اور پھر پاکستان کرکٹ ٹیم کی ’کیپ‘ بھی ملی۔  (فوٹو: اے ایف پی)

دھانی کو کرکٹ کے میدان میں جہاں بھرپور جشن مناتے ہوئے دیکھا گیا وہیں اُن کی آف دی فیلڈ مصروفیات بھی نمایاں رہیں۔

گزشتہ برس فاسٹ بولر کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ہوٹل میں انہیں میوزک کے ساتھ گانا گاتے ہوئے دیکھا گیا۔

پاکستان کے سابق کپتان اور سلیکٹر شاہد آفریدی نے بھی اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ انہوں نے بطور سلیکٹر شاہنواز دھانی کو کرکٹ کی سرگرمیوں میں سنجیدہ ہونے کا مشورہ دیا تھا۔

گزشتہ سال پاکستان اور سری لنکا میں کھیلے گئے ایشیا کپ میں نسیم شاہ اور حارث رؤف انجرڈ ہوئے تو شاہنواز دھانی کو ٹیم میں متبادل کے طور پر بلایا گیا۔

حیران کن طور پر جب پاکستانی ٹیم سری لنکا سے گروپ میچ ہارنے کے بعد ایونٹ سے باہر ہوئی تو اسی وقت دہانی سری لنکا پہنچے۔

شاہنواز دھانی کو اپنے کیریئر میں سب سے بڑا جھٹکا تب لگا جب انہیں پی ایس ایل 10 میں ملتان سلطانز سمیت کسی بھی ٹیم نے نہ خریدا۔

پی ایس ایل سے باہر ہونے کے بعد شاہنواز دھانی کے کیریئر پر خطرے کی تلوار لٹکنا شروع ہو گئی ہے۔

اس حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر بھی صارفین کے تبصرے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔

نواز نامی صارف نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’ہم پی ایس ایل میں شاہنواز دھانی کو بہت مِس کریں گے۔‘

 

باسط سبحانی لکھتے ہیں کہ ’قاسم اکرم، روحیل نذیر، ساجد خان اور شاہنواز دھانی کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔‘

 

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.