پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ابھی تک چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے سکواڈ کا اعلان نہیں کیا ہے، کیونکہ وہ صائم کی شرکت کے بارے میں کوئی حتمی فیصلہ کرنے سے قبل ان کی صحتیابی پر غور کر رہے ہیں۔شاہد آفریدی نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ صائم آئندہ ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے صائم کو مشورہ دیا کہ وہ واپسی میں جلدی نہ کریں کیونکہ ایسا کرنے سے ان کی چوٹ طویل ہو سکتی ہے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ ’میں نے کل رات صائم ایوب سے بات کی۔ انہوں نے مجھے بتایا کہ انہیں تین ہفتے درکار ہیں، اور اس کے بعد ہی ان کی بحالی شروع ہو جائے گی۔‘’میں نے اسے مشورہ دیا کہ وہ اس عمل میں جلدی نہ کرے۔ معمولی سی چوٹ بھی اگر ٹھیک نہ ہونے دی جائے تو یہ ایک طویل مسئلے میں تبدیل ہو سکتی ہے۔ آپ جوان ہیں اور آپ کے سامنے بہت ساری کرکٹ ہے، لہذا صحت یاب ہونے کے لیے وقت نکالیں۔‘خیال رہے کہ جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے پہلے دن صائم کے ٹخنے میں فریکچر ہو گیا جس سے وہ ابتدائی چھ ہفتوں کے لیے باہر ہو گئے۔ وہ اس وقت علاج کے لیے لندن میں ہیں۔5 جنوری کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین محسن نقوی نے نوجوان بلے باز صائم ایوب کو فوری علاج کے لیے لندن بھیجے کا فیصلہ کیا۔ایم آر آئی رپورٹ نے فریکچر کی تصدیق کی جس کے بعد صائم ایوب کے ٹخنے کو میڈیکل مون بوٹ سے فکس کیا گیا۔پی سی بی کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ چیئرمین محسن نقوی نے بتایا کہ لندن کے سپورٹس آرتھو کے ماہر ڈاکٹرز صائم ایوب کا چیک اپ کریں گے۔’صائم ایوب کی لندن کے سپورٹس آرتھو کے ماہر ڈاکٹرز کے ساتھ اپوائمنٹ طے کی گئی ہے۔ پاکستان میں ڈاکٹر ممریز صائم ایوب کے علاج معالجے کے سارے کیس کو دیکھ رہے ہیں۔‘پی سی بی کے مطابق ڈاکٹر ممریز نے صائم ایوب کی تمام میڈیکل رپورٹس لندن بھجوا دی ہیں۔کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نے کہا کہ صائم ایوب سٹائلش زبردست بیٹر اور پاکستان کرکٹ کا اثاثہ ہیں۔ صائم ایوب کو پہلی دستیاب فلائٹ سے کیپ ٹاؤن سے لندن بھجوایا جائے گا۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسٹنٹ کوچ اظہر محمود بھی صائم ایوب کے ساتھ لندن جائیں گے۔ اور یہ کہ ان کو صائم ایوب کی انجری پر بہت تشویش ہے۔