چیمپئنز ٹرافی: ’انڈین ٹیم کی شرٹ پر پاکستان کا نام نہیں لکھا جائے گا‘

image

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل ایک نیا تنازع جنم لے رہا ہے جس میں انڈین کرکٹ ٹیم کی شرٹ پر پاکستان کا نام نہیں لکھا جائے گا۔

انڈین ٹی وی این ڈی ٹی وی کے مطابق پاکستان اور دبئی میں کھیلی جانے والی چیمپئنز ٹرافی کے دوران انڈین ٹیم کی شرٹ پر میزبان پاکستان کا نام نہیں لکھا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے عہدیدار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر نیوز ایجنسی آئی اے این ایس سے بات کرتے ہوئے الزام لگایا کہ انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کرکٹ میں سیاست کو لا رہا ہے۔

پی سی بی عہدیدار کا کہنا ہے کہ ’بی سی سی آئی کرکٹ میں سیاست کو لا رہا ہے جو کھیل کے لیے اچھا نہیں ہے۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’انہوں (انڈیا) نے پاکستان آنے سے منع کر دیا۔ وہ افتتاحی تقریب کے لیے کپتان کو نہیں بھیجنا چاہتے اور اب خبر یہ بھی آ رہی ہے کہ وہ اپنی جرسی پر میزبان ملک پاکستان کا نام بھی نہیں لکھنا چاہتے۔‘

انہوں مزید بتایا کہ ’ہمیں یقین ہے کہ آئی سی سی ایسا نہیں کرنے دے گا اور پاکستان کی حمایت کی جائے گی۔‘

کسی بھی آئی سی سی ایونٹ میں شریک تمام ٹیموں کی جرسی پر اُس ایونٹ کا لوگو اور میزبان ملک کا نام لکھا ہوا ہوتا ہے۔

خیال رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا آغاز 19 فروری سے پاکستان کے تین شہروں لاہور، کراچی، راولپنڈی اور یو اے ای کے شہر دبئی میں ہوگا۔

ایونٹ میں انڈین ٹیم اپنے تینوں گروپ میچز دبئی میں کھیلے گی جبکہ ایک سیمی فائنل بھی دبئی میں کھیلا جائے گا۔

اگر انڈین ٹیم ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچتی ہے تو اس صورت میں بھی فائنل دبئی میں ہوگا تاہم انڈیا کے فائنل میں نہ پہنچنے کی صورت میں فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.