چیمپئنز ٹرافی سے قبل لاہور اور کراچی کے کرکٹ سٹیڈیمز تیار ہو جائیں گے؟

image

پاکستان رواں برس فروری اور مارچ میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا، یہ گذشتہ 28 برسوں کے دوران پاکستان میں منعقد ہونے والا پہلا عالمی ٹورنامنٹ ہو گا۔ 

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے یہ ایونٹ ملنے کے بعد اپنے سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام شروع کردیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر تاحال یہ بحث جاری ہے کہ آیا یہ کام چیمپئنز ٹرافی سے قبل مکمل ہو پائے گا یا نہیں؟

برطانوی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق پی سی بی نے چیمپئنز ٹرافی کے مقامات کی تیاری کے حوالے سے پائے جانے والے خدشات کو دُور کر دیا ہے۔

ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ ’لاہور اور کراچی کے سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام بروقت مکمل کر لیا جائے گا اور اس حوالے سے میڈیا لاہور اور کراچی کے سٹیڈیمز کا دورہ کر کے کام کا جائزہ لے سکتا ہے۔‘

قذافی سٹیڈیم لاہور کی اپ گریڈیشن

قذافی سٹیڈیم لاہور میں براڈکاسٹ اور روشنی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے 480 جدید ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں جو شائقین کے لیے شاندار منظر فراہم کریں گی۔

مزید برآں سٹیڈیم میں دو بڑی ڈیجیٹل ری پلے سکرینز بھی نصب کی جا رہی ہیں۔

اس کے علاوہ کھلاڑیوں اور ٹیم آفیشلز کے لیے ایک نیا انکلوژر بھی بنایا گیا ہے جو 25 جنوری تک مکمل طور پر فعال ہوجائے گا۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی کی اپ گریڈیشن

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں بڑے پیمانے پر بہتری لائی گئی ہے جن میں یونیورسٹی اینڈ پر کھلاڑیوں اور آفیشلز کے لیے ایک نیا انکلوژر شامل ہے۔

براڈکاسٹ کو بہتر بنانے کے لیے سٹیڈیم میں 350 ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں جو ایونٹ کے عالمی ناظرین کے لیے بہترین وزیبلٹی کو یقینی بنائیں گی جبکہ دو ڈیجیٹل ری پلے سکرینز پہلے ہی سٹیڈیم میں نصب کی جا چکی ہیں۔

تماشائیوں کی سہولت کے لیے سٹیڈیم میں پانچ  ہزار نئی کرسیاں بھی نصب کر دی گئی ہیں۔

دنیا کی ٹاپ 8 ٹیموں کے مابین 50 اوورز کا ٹورنامنٹ رواں برس 19 فروری سے پاکستان میں کھیلا جائے گا، تاہم پاکستان کا روایتی حریف انڈیا اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے گا۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں 480 جدید ایل ای ڈی لائٹس نصب کی گئی ہیں (فائل فوٹو: روئٹرز)

واضح رہے کہ مارچ 2009 میں لاہور میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد غیرملکی ٹیموں نے پاکستان آنے سے انکار کر دیا تھا۔

تاہم اگر یہ ایونٹ کامیاب ہو جاتا ہے تو مستقبل میں پاکستان کو آئی سی سی کے مزید ایونٹس ملنے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

پی سی بی کے ترجمان سمیع الحسن کا کہنا ہے کہ ’ہم شیڈول کے مطابق لاہور کے قذافی سٹیڈیم کی تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کا کام مکمل کر لیں گے۔ توقع ہے کہ یہ وینیو رواں ماہ کے آخر تک ہمارے حوالے کر دیا جائے گا۔‘

انہوں نے مزید بتایا کہ ’قذافی سٹیڈیم 22 فروری کو آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان چیمپئنز ٹرافی کے میچ کی میزبانی کے لیے تیار ہو گا اور ہمیں اس بارے کوئی شک نہیں ہے۔‘

اپ گریڈیشن کے بعد قذافی سٹیڈیم میں شائقین کی گنجائش بڑھا کر 35 ہزار کردی گئی ہے اور نئے انکلوژرز بھی بنائے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ 19 فروری سے شروع ہونے والی چیمپئنز ٹرافی سے قبل اس کی تیاری کے لیے لاہور اور کراچی میں ایک سہ ملکی ٹورنامنٹ بھی کھیلا جائے گا۔

اس تین ملکی ٹورنامنٹ میں میزبان پاکستان کے علاوہ نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں حصہ لیں گی۔

سیریز کا انعقاد پہلے ملتان میں ہونا تھا، تاہم کراچی اور لاہور کے سٹیڈیمز تیار ہو جانے کے باعث تین ملکی سیریز لاہور اور کراچی میں کھیلی جائے گی۔

چیمپئنز ٹرافی 2025 کا فائنل 9 مارچ کو کھیلا جائے گا، ایونٹ میں میزبان پاکستان اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.