"ہمارا تعلق بھارت کے شہر اندور سے ہے، اور پاکستان بننے کے بعد ہم نے کراچی ہجرت کی۔ ممبئی کے بعد دوسرا بی ٹاؤن اندور ہی ہے۔ سلمان خان کے والد، سلیم خان، میرے پھوپھی زاد بھائی ہیں، اور ہمارے رشتے ہمیشہ مضبوط رہے ہیں،" باری جیلانی نے اپنے انٹرویو میں دلچسپ انکشافات کرتے ہوئے کہا۔
"سلمان خان، ارباز، سہیل، اور اُن کی بہن کراچی آ چکے ہیں۔ وہ 1980 کی دہائی کے آخر میں تین ماہ تک ہمارے گھر خداداد کالونی میں مقیم رہے۔ اس دوران انہوں نے لائٹ ہاؤس سے جینز کی پینٹیں خریدیں اور سائیکل ریس لگانے کے شوق میں مگن رہتے تھے،" باری نے ہنستے ہوئے یاد دلایا۔
"ارباز خان نے ہمارے دوست ناصر عبداللہ کی ٹریل بائیک چلانے کی ضد کی، اور بائیک کنٹرول سے باہر ہو کر حادثے کا شکار ہوگئی۔ ارباز کے ٹانگ میں فریکچر ہوا، اور وہ تین ماہ تک یہی ہمارے ساتھ رہے۔ یہ وہ دن تھے جب سلمان خان ایک اداکار نہیں، بلکہ ماڈل ہوا کرتے تھے۔ اُنہیں سائیکل چلانے میں مہارت تھی، اور وہ ایک ٹائر پر میلوں تک ریس لگاتے تھے!"
باری نے مزید بتایا، "ہمارے خاندان کے لیے یہ وقت ناقابلِ فراموش ہے۔ جانی واکر اور دلیپ کمار جیسے عظیم فنکاروں سے نہ صرف ملاقاتیں ہوئیں بلکہ ان کے ساتھ دعوتیں بھی کیں۔ سلمان خان کے پڑدادا، جو پولیس میں ڈی آئی جی تھے، بھارت میں رہ گئے اور اسی وجہ سے پاکستان نہ آسکے۔"
یہ انکشافات سلمان خان کی ذاتی زندگی کے ایک منفرد اور دلچسپ پہلو کو ظاہر کرتے ہیں، جہاں ان کے خاندان کی جڑیں، ان کے بچپن کے شوق اور کراچی میں گزارے دنوں کی یادیں زندہ ہو جاتی ہیں۔ سلمان خان کی یہ کہانی نہ صرف ان کے مداحوں کے لیے دلکش ہے بلکہ ان کے خاندان کی تاریخی جھلکیاں بھی پیش کرتی ہے۔