چیمپئنز ٹرافی: روہت شرما کے پاکستان جانے کے بارے میں کوئی فیصلہ نہ ہوسکا

image

اگلے مہینے سے پاکستان اور یو اے ای میں کھیلے جانے والے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی ٹورنامںٹ کے آغاز سے قبل کیپٹنز ایونٹ میں روہت شرما کی شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ کرک اِنفو کے مطابق ابھی تک اس بات کا کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا کہ روہت شرما چیمپئنز ٹرافی کے آغاز سے قبل کیپٹنز ایونٹ میں شرکت کے لیے پاکستان جائیں گے یا نہیں۔کسی بھی آئی سی سی ٹورنامنٹ سے قبل کیپٹنز ایونٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کرنے والے ملک میں منعقد کیا جاتا ہے جہاں ٹورنامنٹ میں شریک تمام ٹیموں کے کپتان اکھٹے ہوتے ہیں۔آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا کیپٹنز ایونٹ 16 یا 17 فروری کو کراچی میں منعقد ہوگا تاہم انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے ابھی تک اس حوالے سے کسی بھی فیصلے کی تصدیق نہیں کی گئی۔بی سی سی آئی کے نئے منتخب ہونے والے سیکریٹری دیو جیت سائیکیا نے کرک اِنفو کو بتایا کہ ’روہت شرما کے پاکستان جانے کے بارے میں فیصلہ نہیں ہو سکا۔ ابھی تک یہ موضوع ایجنڈے کا حصہ نہیں ہے۔‘ابھی تک اس بات کی بھی تصدیق نہیں کی جا سکی کہ روہت شرما کو پاکستان بھیجنے کے لیے بی سی سی آئی کو اپنی حکومت سے اجازت لینا ہوگی یا نہیں۔یہاں یاد رہے کہ 19 فروری سے پاکستان کے تین شہروں لاہور، کراچی اور راولپنڈی جبکہ یو اے ای کے شہر دبئی میں شروع ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں انڈین ٹیم اپنے تمام گروپ میچز دبئی میں کھیلے گی۔ٹورنامنٹ کا ایک سیمی فائنل بھی دبئی میں شیڈول کیا گیا ہے اور اگر انڈین ٹیم فائنل میں پہنچتی ہے تو اس صورت میں فائنل بھی لاہور کے بجائے دبئی میں کھیلا جائے گا۔واضح رہے کہ پاکستان اور انڈیا میں سیاسی کشیدگی کے باعث دونوں ٹیمیں باہمی سیریز نہیں کھیلتی ہیں۔پاکستان اور انڈیا کے درمیان آخری مرتبہ باہمی سیریز 2012 میں کھیلی گئی تھی جبکہ آخری مرتبہ انڈین ٹیم 2008 میں کھیلے گئے ایشیا کپ میں شرکت کرنے کے لیے پاکستان آئی تھی۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.