انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان جاری پانچ ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے تیسرے میچ میں انگلینڈ نے انڈیا کو 26 رنز سے شکست دے دی ہے۔منگل کو راجکوٹ کے نرنجن شاہ سٹیڈیم میں انگلینڈ کے 171 رنز کے تعاقب میں انڈیا کی ٹیم مقررہ اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز ہی بنا سکی۔انگلینڈ کی جانب سے سات برس بعد انڈیا کو اس کے ہوم گراؤنڈ میں شکست دی گئی۔انڈیا نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو انگلینڈ نے بیٹنگ کرتے ہوئے 171 رنز کا ہدف دیا۔انگلینڈ کی جانب سے بین ڈک 51، جوس بٹلر 24 اور لائم لونگ سٹون 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔انڈیا کی جانب سے ورن چکرویتی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کی۔ان کے علاوہ ہاردک پانڈیا نے دو، راوی بسونی اور اکشر پٹیل نے ایک ایک انگلش کھلاڑی کو پویلین روانہ کیا۔محمد شامی جو انجری اور فٹنس کے دوسرے مسائل کا شکار ہونے کی وجہ سے ٹیم سے باہر تھے، نے اس میچ میں انٹرنیشنل کرکٹ میں کم بیک کیا۔انڈیا ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز ہی بنا سکی۔انڈیا کی جانب سے ہاردک پانڈیا 40، تلک ورما 18، ابھیشیک شرما 24، اکشر پٹیل 15 اور سوریا کمار یادیو 14 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ اس سے قبل انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان کھیلے گئے دونوں میچوں میں بالترتیب سات اور دو وکٹوں سے انڈیا نے فتح حاصل کی تھی۔یوں انڈیا کو سیریز میں 1-2 سے برتری حاصل ہے۔ انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کے بقایا دو میچ 31 جنوری اور دو فروری کو کھیلے جائیں گے۔