پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان ٹیم کے کپتان جبکہ سلمان علی آغا (نائب کپتان) ہوں گے۔
میگا ایونٹ پاکستان میں 19 فروری سے 9 مارچ تک کھیلا جائے گا۔ چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستانی سکواڈ پیر کو لاہور میں جمع ہو گا۔
پاکستان کا یہی سکواڈ چیمپئنز ٹرافی سے قبل کراچی اور لاہور میں ہونے والی سہ فریقی ون ڈے سیریز بھی کھیلے گا جس میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں بھی شامل ہوں گی۔
پاکستان کے 15 رکنی سکواڈ میں چار تبدیلیاں کی گئی ہیں، فخر زمان، خوش دل شاہ، سعود شکیل اور فہیم اشرف کو سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستانی سکواڈ میں عبداللہ شفیق، محمد عرفان خان، صائم ایوب اور سفیان مقیم کی جگہ فہیم اشرف، فخر زمان، خوش دل شاہ اور سعود شکیل کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کا 15 رکنی سکواڈ
بیٹرز میں بابر اعظم، فخر زمان، کامران غلام، سعود شکیل، طیب طاہر کو شامل کیا گیا ہے جبکہ آل راؤنڈرز میں فہیم اشرف، خوش دل شاہ، سلمان علی آغا (نائب کپتان) کو رکھا گیا ہے۔
وکٹ کیپر بیٹرز میں محمد رضوان (کپتان) اور عثمان خان جبکہ سپنر ابرار احمد بھی سکواڈ کا حصہ ہوں گے۔
فاسٹ بولرز کی فہرست میں حارث رؤف، محمد حسنین، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کا نام شامل ہے۔
سنہ 2017 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں انڈیا کے خلاف سینچری سکور کرنے والے فخر زمان کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
پی سی بی کے مطابق وہ جون 2024 سے بیماری اور انجری کی وجہ سے بین الاقوامی کرکٹ سے دُور تھے۔
انہوں نے دسمبر میں چیمپئنز ٹی20 کپ 2024 کے دوران عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 132 سے زائد کے سٹرائیک ریٹ سے 303 رنز بنائے تھے۔
فخر زمان پاکستان کی جانب سے 82 ون ڈے میچوں میں 46.50 کی اوسط اور 93.40 کے سٹرائیک ریٹ سے 11 سینچریوں اور 16 نصف سنچریوں کی مدد سے 3 ہزار 492 رنز بنا چکے ہیں۔
ٹخنے میں انجری کے باعث صائم ایوب سکواڈ کا حصہ نہیں
قومی سلیکشن کمیٹی کے رکن اسد شفیق نے بتایا کہ ’صائم ایوب کو ٹخنے کی انجری کی وجہ سے سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔‘
ان کا کہنا ہے کہ ’ہم صائم ایوب کی جلد صحت یابی کے لیے پرامید ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 سے محروم ہونا غیر معمولی بیٹنگ فارم والے بیٹر کے لیے کتنا تکلیف دہ ہوگا۔‘
’وہ ہماری ٹیم کے لیے قیمتی اثاثہ ہیں، لہٰذا ہم کسی بھی جلد بازی میں فیصلے کرنے کے بجائے ان کی صحت کو ترجیح دینے کے لیے پُرعزم ہیں۔‘
واضح رہے کہ پی سی بی کے پاس سکواڈ میں تبدیلی کے لیے 11 فروری تک کا وقت ہے اس کے بعد تبدیلی کی اجازت صرف طبی بنیادوں پر آئی سی سی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی کی منظوری سے ہوگی۔