لائیو: صدر زرداری کل چار روزہ دورے پر چین روانہ ہوں گے

image
پاکستان کے صدر آصف علی زرداری چین کے صدر شی جِن پنگ کی دعوت پر منگل کو چار روزہ دورے پر بیجنگ روانہ ہوں گے۔

پیر کو وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر آصف علی زرداری، صدر شی جنگ پنگ، وزیراعظم لی چیانگ اور سینیئر چینی رہنماؤں سے بیجنگ میں ملاقاتیں کریں گے۔

وزارت خارجہ کے مطابق صدر زرداری کا دورۂ چین چار سے آٹھ فروری تک ہوگا۔ 

ان ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، معاشی اور تجارتی تعاون، انسداد دہشت گردی اور سکیورٹی تعاون اور چین پاکستان اکنامک کوریڈور (سی پیک) پر بات چیت ہوگی۔

چینی صدر کی خصوصی دعوت پر صدر آصف علی زرداری ہربن میں نویں ایشین ونٹر گیمز کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔

انسداد پولیو مہم کا پہلا دن، فائرنگ سے ضلع خیبر میں پولیس اہلکار جان سے گیا

خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع خیبر میں انسداد پولیو مہم کی ٹیم پر فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جان سے گیا۔

پیر کو سی سی پی او پشاور نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حملہ آور موٹر سائیکل سوار تھے، جنہوں نے واردات کے لیے پستول استعمال کیا۔

پولیس اہلکار انسداد پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور تھا۔

صرف دو ممالک پاکستان اور افغانستان میں پولیو وائرس موجود ہے، جہاں برسوں سے شدت پسندوں نے انسداد پولیو کی ٹیموں اور سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا ہے۔

گزشتہ برس پاکستان میں کم سے کم 73 پولیو کے کیسز رپورٹ ہوئے تھے۔

پشاور میں ایم پاکس سے متاثرہ شخص صحتیات

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے صحت احتشام علی نے کہا ہے کہ پشاور میں ایم پاکس سے متاثرہ شخص صحتیاب ہو گیا ہے۔

پیر کو ایک بیان میں مشیر صحت نے کہا کہ پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب نے مریض کے صحتیاب ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔  

انہوں نے کہا کہ یہ 2025 کا پہلا کیس تھا، اور مریض صحتیاب ہوکر گھر رُخصت ہو گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ شخص کو ایئرپورٹ سے پولیس سروسز ہسپتال لایا گیا تھا۔

’متاثرہ شخص نے آئسولیشن وارڈ میں دس دن گُزارے، پختونخوا میں فی الوقت ایم پاکس کا ایک ایکٹیو کیس ہے، کنٹیکٹ ٹریسنگ کے دوران ابھی تک کوئی متاثرہ شخص سامنے نہیں آیا۔‘

وزیراعظم ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے ہیں

وزیراعظم شہباز شریف آج ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچ گئے ہیں۔

پیر کو کوئٹہ پہنچنے پر گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل اور وزیرِاعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔

پرائم منسٹر آفس کے مطابق گزشتہ دنوں قلات میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن میں زخمی ہونے والے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں سے ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم کی کوئٹہ میں صوبائی قیادت سے ملاقات بھی ہوگی اور انہیں امن و امان کے حوالے سے بریفنگ بھی دی جائے گی۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور وزیر بجلی اویس لغاری بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہوں گے۔

آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران موسم زیادہ تر سرد اور خشک رہے گا، محکمہ موسمیات

ریڈیو پاکستان نے محکمہ موسمیات کے حوالے سے کہا ہے کہ آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم زیاد ہ تر سرد اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے بیان کے مطابق شمال مغربی بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

جبکہ گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں شام اور رات کے وقت ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔

شمال مشرقی پنجاب میں صبح کے وقت دھند چھائی رہے گی۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.