ٹخنے کی انجری، آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت غیر یقینی

image

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے قبل آسٹریلیا کی ٹیم کے لیے بُری خبر سامنے آئی ہے، ٹورنامنٹ میں کپتان پیٹ کمنز کی ٹخنے کی انجری کے باعث شرکت غیر یقینی ہے۔

کرکٹ کی کوریج کرنے والی ویب سائٹ ’کرک اِنفو‘ کے مطابق ٹخنے کی انجری کے باعث پیٹ کمنز کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت غیر یقینی ہے جس کی وجہ سے ٹیم کی قیادت کے لیے سٹیو سمتھ یا ٹریوس ہیڈ مضبوط امیدوار ہیں۔

پیٹ کمنز نے اپنے دوسرے بچے کی پیدائش کے باعث سری لنکا کے خلاف جاری دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز سے رخصت لی تھی جبکہ انڈیا کے خلاف کھیلی گئی بارڈر گواسکر ٹرافی کے تمام میچز کھیلنے کے باعث انہیں ٹخنے کی تکلیف کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

آسٹریلوی ٹیم کے ہیڈ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے ایس ای این سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ’پیٹ کمنز نے ابھی تک بولنگ کرنا شروع نہیں کی تو اُن کی شرکت غیر یقینی ہے، لہٰذا ہمیں کپتان کی ضرورت ہوگی۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’چیمپئنز ٹرافی کی ٹیم کے لیے سٹیو سمتھ اور ٹریوس ہیڈ کو کپتان بنانے کے حوالے سے ہم لوگ بات چیت کر رہے ہیں۔‘

کوچ کا مزید کہنا تھا کہ ’کپتانی کے لیے یہ دونوں ہی امیدوار ہیں۔ سٹیو سمتھ نے سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں بہترین کپتانی کی۔ وہ ون ڈے کرکٹ میں بھی بہترین کام کر چکے ہیں۔‘

دوسری جانب آسٹریلیا کے فاسٹ بولر جوش ہیزل وُڈ بھی انجری مسائل کا شکار ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا نے مچل مارش کی جگہ متبادل کھلاڑی کا اعلان ابھی تک نہیں کیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اس حوالے سے اینڈریو مکڈونلڈ نے کہا کہ ’جوش ہیزل وُڈ بھی انجری کا شکار ہیں جو کے ٹھیک ہونے کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔ کچھ دنوں تک ہمیں اُن کے میڈیکل کی معلومات مل جائے گی تو اس کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔‘

جوش ہیزل وُڈ سائڈ اور کاف انجری کے بعد کولہے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے۔

انجری کے باعث ہیزل وُڈ نے انڈیا کے خلاف سیریز کے تین ٹیسٹ میچوں اور پھر سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں حصہ نہ لیا۔

دوسری جانب آسٹریلوی آل راؤنڈر مچل مارش بھی کمر کی تکلیف کے باعث آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہو چکے ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا نے مچل مارش کی جگہ متبادل کھلاڑی کا اعلان ابھی تک نہیں کیا۔

 


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.