آئی سی سی چیمپیئن ٹرافی 2025 میں انڈیا کا کوئی بھی میچ آفیشل نہیں ہوگا کیونکہ ممکنہ امیدواروں میں سے دو نے پاکستان جانے سے انکار کر دیا ہے۔کرکٹ کی خبروں کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق آئی سی سی کے مشہور میچ ریفری جواگل سری ناتھ اور آئی سی سی کے ایلیٹ پینل میں شامل انڈین امپائر نیتن مینن نے آئی سی سی کے ساتھ ’باہمی طور‘ پر اتفاق کیا ہے کہ وہ چیمپیئن ٹرافی کے پاکستان میں ہونے والے میچز میں فرائض انجام نہیں دیں گے۔
چونکہ دبئی میں ہونے والے تمام میچز میں انڈیا ہوگا اس لیے وہ ان میچجز میں امپائرنگ یا ریفری کے فرائض سرانجام دے نہیں سکتے۔
سابق فاسٹ بولر سری ناتھ آج کل انڈیا اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والی وائٹ بال سیریز میں ریفری کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، تاہم آئی سی سی کے ٹورنامنٹس میں نیوٹرل امپائر اور ریفری ہی ذمہ داریاں نبھاتے ہیں۔گوکہ پاکستان چیمپیئن ٹرافی کا آفیشل میزبان ہے، تاہم انڈیا کی جانب سے پاکستان آنے سے انکار کے بعد اس ٹورنامنٹ کے لیے ہائبرڈ ماڈل اپنایا گیا ہے۔اس ماڈل کے تحت انڈیا کو اپنے تمام میچز بشمول سیمی فائنل اور فائنل (اگر کوالیفائی کرتا ہے) دبئی میں کھیلنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔اسی ماڈل کو آئندہ انڈیا میں ہونے والے آئی سی سی ٹورنامنٹس میں پاکستان کے لیے بھی اپنایا جائے گا۔آئی سی سی کے 12 رکنی امپائرز پینل میں رچرڈ الینگورتھ، پال رائفل، کرس گفینی اور دیگر شامل ہیں جبکہ احسن رضا واحد پاکستانی ہیں جو اس پینل میں شامل ہیں۔ڈیوڈ بون، رجن مدوگالے اور اینڈرو پائیکرافٹ میچ ریفری کے فرائض سرانجام دیں گے۔