عالمی شہرت یافتہ فٹبال سٹار کرسٹیانو رونالڈو اپنی 40 ویں سالگرہ سعودی عرب میں منا رہے ہیں جہاں اُن کی فیملی اور دوستوں نے تقریب میں شرکت کی۔
عرب نیوز کے مطابق فٹبال کھلاڑی نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے ایک مشہور جاپانی ریستوران نوزومی میں تقریب کا اہتمام کیا۔ رات کو منعقد کی گئی اس نجی تقریب میں پورتر ریکن آرٹسٹ رایو الجندرو نے مہمانوں کو اپنے گانوں سے محظوظ کیا۔سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں کرسٹیانو رونالڈو کو اپنی پارٹنر جیورجینا رودریگز اور اپنی والدہ کے ہمراہ رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔فٹبال سٹار نے سالگرہ کی تقریب کی تصاویر انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’جنم دن کی مبارکباد دینے والے زبردست پیغامات کے لیے آپ تمام لوگوں کا شکریہ۔ فیملی اور دوستوں کے ہمراہ بہت ہی زبردست دن گزرا، اس سے اچھے کی بھلا کیا خواہش ہو سکتی ہے۔‘کرسٹیانو رونالڈو سعودی فٹبال کلب النصر سے وابستہ ہیں جس نے سالگرہ کی تقریب کے لیے ایک خصوصی کیک تیار کیا جس پر فٹبال سٹار کی ٹرافیوں کے ساتھ اور بچپن کی تصاویر بنائی گئیں۔جیورجینا رودریگز نے انسٹاگرام پر تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہماری عظیم محبت کو جنم دن کی مبارکباد۔ خدا کا شکریہ جس نے تمہارے جیسا مرد میرا زندگی میں لایا۔ اور ان خوشیوں کے لیے اُس کا شکریہ جو خاندان اور بچوں سے ملیں۔‘انہوں نے مزید لکھا کہ ’ایک ساتھ زندگی گزارنے اور ہمیشہ ایک دوسرے کا ہاتھ مضبوطی سے تھامے رکھنے کے لیے، بہتر سے بہترین کے نیک خواہشات لیے۔‘سعودی عرب کی حکومت نے عالمی شہرت یافتہ کھلاڑی کی سالگرہ کو یادگار بنانے کے لیے غیرمعمولی اقدامات کیے۔بولیوارڈ ورلڈ پر چراغاں کیا گیا اور فٹبال سٹار کے جنم دن کے پیغامات روشنیوں سے لکھے گئے۔ اس کے ساتھ پیغام لکھا گیا کہ ’ہم اس سالگرہ کو آپ کے ساتھ منا رہے ہیں، سی آر 7۔ ہیپی برتھ ڈے۔ سعودی عوام آپ سے محبت کرتے ہیں۔‘جیورجینا رودریگز نے ریاض شہر میں کرسٹیانو رونالڈو کی سالگرہ کے موقع پر بل بورڈز پر منور تہنیتی پیغامات کی تصاویر بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے شیئر کیں۔